پاکستان
Time 13 جولائی ، 2018

نواز شریف کی والدہ بھی جاتی امراء سے لاہور ایئرپورٹ روانہ

نواز شریف کی والدہ والدہ شمیم اختر یہ کہہ چکی ہیں کہ اگر ان کے بچوں کو جیل بھیجا گیا تو وہ بھی ان کے ساتھ جیل جائیں گی— فوٹو: فائل

سابق وزیراعظم نواز شریف کی والدہ بھی اپنے بیٹے کی لاہور آمد پر ان کا استقبال کرنے کے لیے اپنی رہائش گاہ جاتی امراء سے لاہور ایئرپورٹ روانہ ہوگئیں۔

اطلاعات کے مطابق شہبازشریف کے صاحبزادے سلمان شہباز اپنی دادی کے ہمراہ ہیں جبکہ جاتی امراء روڈ کے داخلی و خارجی راستوں پر پولیس کی اضافی نفری تعینات ہے۔

جاتی امراء روڈ کو مکمل طور پر سیل کردیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ نواز شریف کی آمد پر ان کے استقبال کے لیے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف، خواجہ سعد رفیق، شاہد خاقان عباسی و دیگر رہنما ریلیوں کی شکل میں ایئرپورٹ پہنچنے کیلئے کوشاں تھے تاہم ریلیاں ایئرپورٹ نہ پہنچ سکیں۔

نگران پنجاب حکومت نے ایئرپورٹ جانے والے تمام راستے کنٹینر لگاکر بند کردیے ہیں جبکہ مختلف علاقوں میں موبائل فون سروس بھی معطل ہے۔

نواز شریف کی والدہ والدہ شمیم اختر کا کہنا ہے کہ اگر ان کے بچوں کو جیل بھیجا گیا تو وہ بھی ان کے ساتھ جیل جائیں گی۔

اپنے ویڈیو بیان میں نواز شریف کی والدہ نے کہا کہ پاکستان کا بیٹا میرا بیٹا ہے جس نے اسے روشن بنایا، وہ واپس آرہا ہے تاکہ میں پھر سے اس کا ماتھا چوم سکوں۔

شمیم اختر نے کہا کہ میرے بیٹے نواز شریف، مریم اور صفدر کے خلاف ناحق فیصلہ آیا، میں ان تینوں کو جیل جانے نہیں دوں گی، اگر جیل بھیجا گیا تو میں بھی ان کے ساتھ جاؤں گی۔

مزید خبریں :