پاکستان
Time 14 جولائی ، 2018

شہبازشریف سمیت (ن) لیگ کے کئی رہنماؤں کیخلاف دہشتگردی کے مقدمات درج


لاہور: مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف اور حمزہ شہباز سمیت دیگر رہنماؤں پر دہشت گردی اور اقدام قتل کی دفعات کے تحت مقدمات درج کرلیے گئے۔

گزشتہ روز سابق وزیراعظم نوازشریف اور مریم نواز کی وطن واپسی کے موقع پر مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف اور پارٹی کے دیگر رہنماؤں نے لاہور سمیت مختلف شہروں میں ریلیاں نکالیں۔

جیو نیوز کے مطابق پولیس نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف سمیت دیگر رہنماؤں کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج کرلیے ہیں۔

پولیس نے حمزہ شہباز، جاوید ہاشمی، عظمیٰ بخاری، سائرہ افضل تارڑ، مریم اورنگزیب، کامران مائیکل، میئر لاہور مبشر جاوید، راجہ ظفر الحق اور مشاہد حسین سید کے خلاف مقدمات درج کیے ہیں۔

اس کے علاوہ مقدمات میں مختلف یونین کونسلوں کے چیئرمینوں کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

(ن) لیگی رہنماؤں کے خلاف مقدمات تھانہ سٹی، کینٹ، اقبال ٹاؤن سمیت دیگر تھانوں میں ایس ایچ اوز کی مدعیت میں درج کیے گئے ہیں جن میں دہشت گردی، اقدام قتل، توڑ پھوڑ، ہنگامہ آرائی اور کار سرکار میں مداخلت سمیت دیگر دفعات شامل ہیں۔

ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہےکہ مسلم مسجد لوہاری میں مظاہرین نے شہبازشریف اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کی۔

مزید خبریں :