پاکستان
Time 15 جولائی ، 2018

مستونگ ،پشاور اور بنوں دھماکوں پر ملک بھر میں يوم سوگ، قومی پرچم سرنگوں


اسلام آباد: مستونگ، پشاور اور بنوں دھماکوں پر ملک بھر میں يوم سوگ منایا جارہا ہے جب کہ سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم بھی سرنگوں ہیں۔ 

گزشتہ چند روز کے دوران دہشت گردی کے تین بڑے واقعات پر آج ملک بھر میں یوم سوگ منایا جارہا ہے اور اس موقع پر تمام سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رکھا گیا ہے۔

مستونگ دھماکے میں بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما سراج رئیسانی کی انتخابی مہم کے دوران خودکش حملے کے نتیجے 131 افراد شہید اور 50 سے زائد زخمی ہوئے۔

سانحہ مستونگ کے بعد مستونگ کی فضا بدستور سوگوار ہے اور سیاسی و انتخابی سرگرمیاں بھی معطل ہیں،بیشتر سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کے انتخابی دفاتر دوسرے روز بھی بند ہیں۔

نگران وزیراعظم ناصرالملک کوئٹہ پہنچے جہاں انہوں نے مستونگ دھماکے میں شہید ہونے والے نوابزادہ سراج رئیسانی کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔

 نگران وزیراعظم سی ایم ایچ کوئٹہ بھی گئے اور سانحہ مستونگ کے زخمیوں کی عیادت کی، اس موقع پر ان کے ہمراہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور وزیراعلی بلوچستان علاؤ الدین مری بھی تھے۔ 

چینی صدر کا سانحہ مستونگ پر صدر ممنون حسین کو تعزیتی پیغام

چینی صدر شی جن پنگ نے سانحہ مستونگ پر  صدر ممنون حسین کے نام تعزیتی پیغام میں دہشت گرد حملے کی مذمت کی ہے۔ 

ان کا کہنا ہے کہ دہشت گردی انسانیت کی دشمن ہے اور چین پاکستان میں دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتا ہے جب کہ چینی عوام دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی عوام کے ساتھ ہیں۔

یاد رہے کہ 10 جولائی کو  دہشتگردوں نے پشاور کے علاقے یکہ توت میں عوامی نیشنل پارٹی کی انتخابی مہم کو نشانہ بنایا جس میں ہارون بلور سمیت 22 افراد شہید ہوئے جب کہ بنوں میں متحدہ مجلس عمل کے انتخابی امیدوار اکرم خان درانی کے قافلے کو بھی دہشت گردوں نے نشانہ بنایا۔  

 سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ نے شہید سراج رئیسانی کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور کہا کہ ہم ایک انتہائی محب وطن پاکستانی سے محروم ہو گئے، بطور قوم دہشت گردی اور انتہا پسندی کے چیلنجز کا سامنا کیا ہے، دشمن قوتوں کا جرأت مندانہ مقابلہ کریں گے۔

مزید خبریں :