پاکستان
Time 15 جولائی ، 2018

کلبھوشن کیس: پاکستان نے عالمی عدالت میں بھارتی اعتراضات پر جواب تیار کر لیا

پاکستانی سیکیورٹی اداروں نے بھارتی جاسوس کو مارچ 2016 میں بلوچستان سے گرفتار کیا تھا۔ فوٹو: فائل

پاکستان نے بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے دہشت گرد کلبھوشن جادیو کے کیس میں بھارت کی جانب سے عالمی عدالت میں جمع کرائے گئے اعتراضات پر جواب تیار کر لیا ہے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستانی دفتر خارجہ کی ڈائریکٹر انڈیا ڈاکٹر فاریحہ بگٹی ہالینڈ کے شہر ہیگ پہنچ گئی ہیں اور وہ 17 جولائی کو بھارتی اعتراضات کے جواب میں تحریری جواب عالمی عدالت انصاف میں جمع کرائیں گی۔

ذرائع کے مطابق ڈاکٹر فاریحہ بگٹی کی جانب سے جمع کرایا جانے والا جواب الجواب پہلا جواب ہو گا جب کہ عالمی عدالت میں یہ کلبھوشن کیس میں دوسرا جواب ہو گا۔

سفارتی ذرائع کا بتانا ہے کہ پاکستان کی جانب سے تحریری جواب میں بھارتی سوالات پر تفصیل سے جواب دیا گیا ہے اور پاکستان نے بھارت کے تمام اعتراضات کے جوابات دیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کی جانب سے جمع کرائے گئے جوابات 400 سے زائد صفحات پر مشتمل ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستانی جواب اٹارنی جنرل کی سربراہی میں ماہرین کی ٹیم نے مرتب کیا ہے۔

خیال رہے کہ بھارتی دہشتگرد کلبھوشن جادیو کیس میں پاکستان نے پہلا جواب 13دسمبر 2017 کو جمع کرایا تھا۔

 کلبھوشن کی گرفتاری

واضح رہے کہ کلبھوشن یادیو کو 3 مارچ 2016 کو بلوچستان کے علاقے سے گرفتار کیا گیا تھا، اس پر پاکستان میں دہشت گردی اور جاسوسی کے سنگین الزامات ہیں اور بھارتی جاسوس نے تمام الزامات کا مجسٹریٹ کے سامنے اعتراف بھی کیا ہے۔

رواں برس 10 اپریل 2017 کو کلبھوشن یادیو کو جاسوسی، کراچی اور بلوچستان میں تخریبی کارروائیوں میں ملوث ہونے پر سزائے موت سنائی گی تھی۔

لیکن بھارت کی جانب سے عالمی عدالت میں معاملہ لے جانے کے سبب کلبھوشن یادیو کی سزا پر عمل درآمد روک دیا گیا ہے۔

مزید خبریں :