پاکستان
Time 18 جولائی ، 2018

کیپٹن صفدر کی گرفتاری میں رکاوٹ ڈالنے والے لیگی رہنماؤں کی ضمانت میں توسیع

راولپنڈی کی سیشن عدالت کا آئندہ سماعت پر تھانہ سٹی پولیس کو مقدمے کا ریکارڈ عدالت پیش کرنے کا حکم۔ فوٹو: فائل

راولپنڈی: ایون فیلڈ ریفرنس میں قید کی سزا پانے والے سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کی گرفتاری میں رکاوٹ ڈالنے والے (ن) لیگی امیدواروں اور رہنماؤں کی ضمانت میں 28 جولائی تک کے لیے توسیع کردی گئی۔ 

ایڈیشنل سیشن جج محمد عطا ربانی نے درخواستوں پر سماعت کی، اس دوران عدالت نے آئندہ سماعت پر تھانہ سٹی پولیس کو مقدمے کا ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دیا۔

کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری کے دوران رکاوٹ ڈالنے پر چوہدری تنویر، ملک ابرار، دانیال چوہدری اور حنیف عباسی سمیت دیگر کے خلاف مقدمات درج کیے گئے تھے۔ 

مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کے خلاف پولیس اور نیب کی مدعیت میں مقدمات درج کیے گئے جب کہ مجرم کیپٹن (ر) صفدر اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔ 

یاد رہے کہ احتساب عدالت نے 6 جولائی کو ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف کو مجموعی طور پر 11، ان کی صاحبزادی مریم نواز کو 8 اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی تھی۔

عدالت کی جانب سے سزا سنائے جانے کے بعد کیپٹن (ر) صفدر روپوش ہوگئے تھے جس کے بعد انہوں نے راولپنڈی میں مسلم لیگ (ن) کی ریلی کے دوران خود کو گرفتاری کے لیے پیش کیا جنہیں بعدازاں نیب نے حراست میں لیا۔


مزید خبریں :