بالی وڈ سپر اسٹار راجیش کھنہ کو مداحوں سے بچھڑے 6 برس بیت گئے

بھارتی انڈسٹری کا یہ بڑا نام 18 جولائی 2012 کو کینسر کے مرض کے باعث مداحوں سے بچھڑ گیا: فوٹو/ فائل

بالی وڈ سپر اسٹار راجیش کھنہ کو مداحوں سے بچھڑے 6 برس بیت گئے لیکن ان کی یادیں آج بھی تازہ ہیں۔

راجیش کھنہ 29 دسمبر 1942 کو بھارتی شہر امرتسر میں پیدا ہوئے، انہوں نے  اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز 1966 میں فلم ’آخری خط‘ سے کیا اور پھر ایک کے بعد ایک فلم میں شاندار اداکاری کے جوہر دکھا کر سب کے دلوں میں گھر کر لیا۔

انہوں نے بے شمار کامیاب فلمیں کیں جن میں ’بوبی‘، ’بہاروں کے سپنے‘، ’عورت‘، ’ہاتھی میرے ساتھی‘، ’دشمن‘، ’امر پریم‘، ’جورو کا غلام‘، ’باورچی‘ اور دیگر شامل ہیں۔

بالی وڈ میں کاکا کےنام سے مشہور راجیش کھنہ نے نہ صرف اداکاری کے جوہر دکھائے بلکہ بطور پروڈیوسر اور سیاستدان بھی اپنی خدمات انجام دیں۔

راجیش کھنہ پر بہت سے سدا بہار گیت فلمائے گئے جن میں ’میرے سپنوں کی رانی‘، ’یہ جو محبت ہے‘، ’آؤ نا گلے لگ جاؤ نا‘ اور دیگر شامل ہیں۔

انہوں نے متعدد بڑے ستاروں کے ساتھ بھی کام کیا جن میں اداکار، امیتابھ بچن، شرمیلا ٹیگور، جیا بچن، زینت امان اور ہیما مالینی بھی شامل ہیں۔

راجیش کھنہ بالی وڈ نگری میں منفرد شخصیت کے مالک تھے اور ان کا یہی منفرد انداز ان کی اداکاری میں بھی جھلکتا تھا۔

انہوں نے اپنی بے مثال اداکاری سے متعدد ایوارڈز اپنے نام کیے جن میں پدما بھوشن اعزاز بھی شامل ہے۔

بھارتی انڈسٹری کا یہ بڑا نام 18 جولائی 2012 کو کینسر کے مرض کے باعث مداحوں سے بچھڑ گیا لیکن ان کا ’بابو بھوشائے‘ کا یادگار انداز سب کے دلوں میں اب تک زندہ ہے۔ 

مزید خبریں :