کیا رنبیر کپور’منابھائی تھری‘ میں سرکٹ بنیں گے؟

— فوٹو: فائل 

بھارتی ہدایت کار راج کمار ہیرانی ’منا بھائی سیریز‘ کی تیسری فلم میں ارشد وارثی کی جگہ رنبیر کو کاسٹ کرنے پر غور کررہے ہیں۔ 

رنبیر کپور نے سنجے دت کی زندگی پر بننے والی فلم ’سنجو‘ میں مرکزی کردار کیا ہے اور ان کی اداکاری کو فلم بینوں نے بے حد پسند کیا ہے۔

فلم کے ہدایت کار راج کمار ہیرانی کو بھی رنبیر کی اداکاری بھاگئی ہے اور وہ اب انہیں ایک اہم کردار میں دیکھنے کے خواہش مند ہیں۔

بھارتی میڈیا میں زیر گردش خبروں میں ہدایت کار راج کمار ہیرانی کے قریبی ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ راج کمار ہیرانی رنبیر کو ’منا بھائی سیریز‘ کی تیسری فلم میں ارشد وارثی کی جگہ کاسٹ کرنے پر غور کررہے ہیں۔

راج کمار ہیرانی کا ماننا ہے کہ رنبیر اور سنجے دت کو فلم بین ایک ساتھ ’منا بھائی تھری‘ میں دیکھنا پسند کریں گے۔

یاد رہے کہ ارشد وارثی نے ’منا بھائی ایم بی بی ایس‘ اور ’ لگے رہو منا بھائی‘ میں ’سرکٹ‘ کا کردار کیا تھا جسے فلم بینوں نے بے حد پسند کیا تھا اور یہی کردار ان کی پہچان بنا۔

فلم بینوں کو ’منا بھائی سیریز‘ میں سرکٹ کے کردار میں ارشد وارثی کے بجائے رنبیر کپور کی کاسٹ ایک آنکھ نہیں بھائی ہے اور راج کمار ہیرانی کے اس فیصلے کو سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ 

کئی فلم بینوں نے ارشد وارثی کو ہی ’سرکٹ‘ کے کردار کے لیے بہترین قرار دیا ہے۔

واضح رہے کہ ہدایت کار راج کمار ہیرانی اگلے سال ’منا بھائی‘ سیریز کی تیسری فلم بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں جس کے لیے اسکرپٹ پر کام جاری ہے۔

مزید خبریں :