پاکستان
Time 19 جولائی ، 2018

کراچی میں جھولا گرنے کا معاملہ، پارک انتظامیہ نے تیکنیکی نقص تسلیم کرلیا

چینی کمپنی کو حادثے اور جھولوں میں تکنیکی نقص سے بھی آگاہ کر دیا ہے۔ فوٹو: فائل

کراچی کے عسکری امیوزمنٹ پارک کی انتظامیہ نے گرنے والے جھولے میں تیکنیکی نقص کو تسلیم کر لیا۔

ذرائع کے مطابق ڈی سی ایسٹ احمد علی صدیقی کی سربراہی میں ایک ٹیم نے عسکری امیوزمنٹ پارک کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ٹھیکداروں زبیر طفیل، محمد عمران سے سوالات کیے۔

ذرائع کے مطابق تحقیقاتی ٹیم نے پارک کے ٹھیکیداروں سے گرنے والے جھولے سے متعلق پوچھ گچھ بھی کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عسکری امیوزمنٹ پارک کے جھولوں پر ٹیکنکل رپورٹ کل تک مکمل کر لی جائےگی۔

دوسری جانب پارک انتظامیہ نے جھولے فراہم کرنے والی چینی کمپنی کو حادثے اور جھولوں میں تکنیکی نقص سے بھی آگاہ کر دیا ہے۔

جھولے کے حادثے میں جاں بحق ہونے والی بچی کشف کے والد صمد نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے کچھ نہیں چاہیے بس پارک کے انتظامات کو بہتر کیا جائے۔

خیال رہے کہ چند روز قبل کراچی کے عسکری امیوزمنٹ پارک میں جھولا گرنے سے 14 سالہ بچی کشف جاں بحق اور 10 افراد زخمی ہو گئے تھے۔

مزید خبریں :