ہیوی مشینری لے جانے والے 'بیلوگا ایکس ایل' کارگو جہاز کی کامیاب پرواز

کارگو جہاز بیلوگا ایکس ایل کی کامیاب آزمائشی پرواز کرلی گئی— فوٹو بشکریہ رائٹر 

جدید ٹیکنالوجی کے ایک اور شاہکار ’بیلوگا ایکس ایل‘ کارگو جہاز نے کامیابی سے آزمائشی پرواز مکمل کرلی۔ 

بیلوگا ایکس ایل کارگو جہاز کو ایوی ایشن صنعت کے مشہور ادارے ایئربس نے متعارف کروایا ہے جس کا مقصد  وزنی مشینریز کی در آمد اور برآمد کو مزید سہل بنانا ہے۔

کارگو جہاز کا شاندار ڈیزائن وہیل مچھلی کی طرز پر بنایا گیا ہے اور کارگو کے لیے جہاز کے اگلے حصے سے ہی سامنا طیارے میں لوڈ کیا جاتا ہے۔

طیارے کی آزمائشی پرواز گزشتہ روز فرانس کے مشہور Toulouse-Blagnac ایئرپورٹ سے مقامی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجکر 24 منٹ پر کی گئی۔

بیلوگا ایکس ایل نے آزمائشی پرواز میں مسلسل 4 گھنٹے 11 منٹ تک کا ہوائی سفر طے کیا اور دوبارہ تلوز ایئر پورٹ پر کامیابی سے واپسی کی۔

بیلوگا ایکس ایل کی کامیاب آزمائشی پرواز کے بعد پائلٹ جشن مناتے ہوئے—.بشکریہ فوٹو/رائٹرز 

نئے کارگو طیارے کے استقبال کے لیے ایئرپورٹ پر 10 ہزار سے زائد افراد موجود تھے جن میں زیادہ تر ملازمین اور سول ایوی ایشن سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات شامل تھیں۔

ائیربس کمپنی کے مطابق بیلوگا ایکس ایل کی کامیاب آزمائشی پرواز کے بعد اسے آئندہ برس سے باقاعدہ طور پر تجارتی مقاصد کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

بیلوگا ایکس ایل کو ایئربس کے طیارے A330-200 میں استعمال کی گئی ٹیکنالوجی سے تیار کیا گیا ہے جب کہ کمپنی نے امکان ظاہر کیا ہے کہ A330 طیارے کو بیلوگا ایکس ایل سے تبدیل کردیا جائے گا۔

مزید خبریں :