پاکستان
Time 20 جولائی ، 2018

نوازشریف اور مریم کے وکلاء نے اپنے مؤکلین سے ملاقات کیلئے درخواست دے دی

جیل حکام کی طرف سے درخواست کا اب تک جواب موصول نہیں ہواہے: فوٹو/ فائل

اسلام آباد: نوازشریف اور مریم نواز کے وکلاء نے اپنے مؤکلین سے ملاقات کے لیے درخواست دے دی۔

ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا پانے والے سابق وزیراعظم میاں نوازشریف، ان کی صاحبزادی مریم اور داماد کیپٹن (ر) صفدر راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید ہیں جہاں گزشتہ روز قیدیوں سے ملاقات کے روز ان سے اہلخانہ اور پارٹی رہنماؤں نے ملاقات کی جب کہ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے وکلاء ونگ اور وکلا کو ملنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

ذرائع کے مطابق نوازشریف اور مریم نواز کے وکلاء نے اپنے مؤکلین سے ملاقات کے لیے درخواست دے دی ہے تاہم جیل حکام کی طرف سے درخواست کا اب تک جواب موصول نہیں ہواہے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ وکلاء جیل حکام کی اجازت ملنے پر نوازشریف اور مریم سے ملنے اڈیالہ جیل جائیں گے جہاں مریم نواز وکلاء سے سہالہ ریسٹ ہاؤس منتقلی پر بھی مشاورت کریں گی۔

واضح رہےکہ مریم نواز کو اڈیالہ جیل سے سہالہ ریسٹ ہاؤس منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا جو اچانک تبدیل کردیا گیا۔

مزید خبریں :