پاکستان
Time 21 جولائی ، 2018

حنیف عباسی منشیات فروخت کر رہے تھے لیکن پکڑے گئے، شیخ رشید



عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ حنیف عباسی منشیات فروخت کر رہے تھے لیکن پکڑے گئے۔

ایفی ڈرین کوٹا کیس میں حنیف عباسی کی سزا پر رد عمل دیتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ایفی ڈرین کوٹا کیس اپنے انجام کو پہنچ گیا ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ حنیف عباسی منشیات فروخت کر رہے تھے لیکن پکڑے گئے۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے لاہور کے علاقے شاہدرہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تازہ خبر آئی ہے کہ ایک اور ن لیگی اڈیالہ جیل جا رہا ہے، حنیف عباسی کو عمر قید کی سزا ہو گئی ہے۔

ن لیگی رہنماؤں کا ردعمل

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے حنیف عباسی کو عمر قید کی سزا سنانے کے فیصلے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فیصلے کی ٹائمنگ بتا رہی ہے کہ فیصلہ نا انصافی پر مبنی ہے۔

شہباز شریف نےکہا کہ پاکستان کی عدالتوں میں ہزاروں کیس مکمل ثبوتوں کے ساتھ زیر التوا ہیں لیکن مسلم لیگ (ن) کے امیدواران کے مقدمات کے فیصلوں میں خاص تیزی دکھا ئی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حنیف عباسی کا فیصلہ انصاف کے اصولوں پر مبنی نہیں، عین انتخابات سے چند دن قبل آدھی رات کو اس قدر عجلت میں فیصلہ سنانا ہی ساری کہانی بیان کر رہا ہے۔

مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ پہلے نواز شریف اور مریم نواز کو انتخابات سے قبل سزا سنائی گئی اور اب حنیف عباسی کو سزا سنا دی گئی ہے جب کہ نواز شریف اور مریم نواز کی اپیلوں کو انتخابات کے بعد تک کے لیے ملتوی کر دیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ کے تمام امیدواران، کارکنان اور ووٹرز سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ان مذموم مقاصد کو ناکام بنانے کے لیے 25 جولائی کو باہر نکلیں، شیر پر مہر لگائیں اور ووٹ کی طاقت سے ان سب ہتھکنڈوں کو ناکام بنا دیں۔

مسلم لیگ ن کے رہنما چوہدری تنویز نے عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حنیف عباسی کو سزا سنا کر پنڈی کے یتیم کو فائدہ پہنچایا گیا۔

سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حنیف عباسی کے خلاف ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں انصاف ہوتا ہوا نظر نہیں آیا۔

ان کا کہنا تھا کہ فیصلے سے الیکشن متنازع اور مشکوک ہو گئے ہیں، اس فیصلے کے حقائق جلد سامنے آئیں گے۔

مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ حنیف عباسی کے خلاف فیصلے سے تمام چیزیں عیاں ہو گئی ہیں لیکن اس قسم کے فیصلوں سے مسلم لیگ ن کے ووٹرز کو توڑا نہیں جا سکتا۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ رات کی تاریکی میں سنایا گیا فیصلہ نا انصافی پر مبنی ہے، فیصلہ 7 سال مؤخر کر کے آج سنایا گیا، یہ فیصلہ الیکشن کے بعد بھی سنایا جا سکتا تھا۔

خیال رہے کہ انسداد منشیات عدالت نے مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی کو ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں مجرم قرار دیتے ہوئے انہیں عمر قید کی سزا سنا دی ہے جس کے بعد وہ الیکشن لڑنے کے لیے بھی نااہل ہو گئے ہیں۔

حنیف عباسی راولپنڈی سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 60 سے الیکشن لڑ رہے تھے اور ان کا مقابلہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کے ساتھ تھا۔

مزید خبریں :