پاکستان
Time 22 جولائی ، 2018

انتخابی مہم آخری مراحل میں داخل: سیاسی جماعتوں کے جلسوں میں تیزی

تحریک انصاف کراچی، مسلم لیگ (ن) ملتان، پیپلز پارٹی سہون، متحدہ مجلس عمل مالاکنڈ اور جی ڈی اے خیرپور میں سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرے گی۔ فوٹو: فائل

لاہور: سیاسی جماعتوں کے پاس انتخابی مہم چلانے کے لیے 2 دن باقی رہ گئے جس کے پیش نظر مختلف شہریوں میں مختلف سیاسی جماعتوں نے انتخابی پنڈال سجالیے۔

مسلم لیگ (ن) کی جانب سے آج ملتان کے کامرس گراؤنڈ عوامی طاقت کا مظاہرہ کیا جائے گا اور پارٹی صدر شہباز شریف جوش خطابت دکھائیں گے۔

تحریک انصاف آج کراچی میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی جس کے لیے شہر کے مختلف علاقوں میں بینرز اور پارٹی پرچم آویزاں کر دیے گئے ہیں۔

مزار قائد سے متصل گراؤنڈ باغ جناح میں منعقدہ جلسے سے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان خطاب کریں گے جب کہ انتظامیہ کی جانب سے جلسے کا وقت شام 6 بجے دیا گیا ہے۔ 

پیپلز پارٹی سیہون میں عوامی رنگ جمائےگی جس سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری عوام کا لہو گرمائیں گے، اسی طرح متحدہ مجلس عمل کی جانب سے مالاکنڈ کے علاقے بٹ خیلہ میں جلسہ کیا جاریا ہے جس سے مولانا فضل الرحمان اور سراج الحق خطاب کریں گے۔

سندھ میں پیپلز پارٹی کے خلاف بننے والا اتحاد گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) بھی آج خیبرپور کے ممتاز گراؤنڈ میں جلسہ کر رہی ہے جس سے جی ڈی اے کے سربراہ پیر پگارا خطاب کریں گے۔

جلسے سے جی ڈی اے کے دیگر رہنما پیر صدرالدین شاہ، غوث علی شاہ، غلام مرتضیٰ جتوئی، ایاز لطیف پلیجو، سردار علی گوہر مہر، غوث بخش مہر سمیت دیگر خطاب کریں گے۔

مزید خبریں :