پاکستان
Time 22 جولائی ، 2018

چیف جسٹس پاکستان نے کراچی میں واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کا افتتاح کردیا



کراچی: چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار ماڑی پور میں گریٹر کراچی سیوریج پلان ایس تھری منصوبے کا افتتاح کردیا۔

افتتاح کے موقع پر سربراہ واٹر کمیشن جسٹس (ر) امیرہانی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے جب کہ چیف جسٹس ثاقب نثار نے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے احاطے میں پودا بھی لگایا۔

اس موقع پر چیف جسٹس پاکستان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ لوگوں کے حق کے لیے بڑھ چڑھ کر آگے ہوگی اور لوگوں کو بنیادی حقوق پہنچانے کے لیے ہر اقدام کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ سمندروں کو ہم آلودہ کررہے تھے جسے روکنے کے لیے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس سے مدد ملے گی، جس انداز میں امیر ہانی مسلم اور واٹر کمیشن نے کام کیا وہ قابل ستائش ہے، جنہوں نے قوم کو مایوس نہیں کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پانی کے بغیر زندگی کا تصور ممکن نہیں، ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کو زندگی دینی ہے جس کے لیے سب سے اہم چیز پانی ہے، ہمیں اپنے لوگوں کے لیے یہ پانی بچانا ہے۔

 چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ تمام چیزوں میں کوئی ذاتی مفاد نہیں، ہمیں آئندہ نسلوں کو بہتر پاکستان دے کر جانا چاہیے جب کہ دو دن بعد الیکشن ہیں اس لیے کچھ ایسا نہیں کہوں گا جس سے کسی کی دل آزاری ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ 6 ماہ پہلے کراچی جیسا تھا اب اس میں تبدیلی آئی ہے کیوں کہ جس راستے سے گزرا وہ صاف نظر آرہا ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ گلگت بلتستان میں پانی کے چشمے بہہ رہے ہیں لیکن کیا ہم نے اپنے وسائل کی قدر کی؟ پانی آئندہ نسلوں کی امانت ہے جب کہ میری، میرے ساتھیوں کی کوشش ہے کہ تمام پاکستانی اپنے بنیادی حقوق حاصل کریں۔

یاد رہے کہ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ 180 ملین گیلن گندے پانی کو صاف کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے جو یومیہ 77 ملین گیلن گندے پانی کو صاف کرے گا جس کی کُل لاگت 36,117 ملین سے زائد ہے۔

مزید خبریں :