پاکستان
Time 23 جولائی ، 2018

خودکش حملے میں شہید اکرام گنڈاپور سپرد خاک، واقعے کا مقدمہ درج


ڈی آئی خان: گزشتہ روز خودکش حملے میں شہید ہونے والے تحریک انصاف کے امیدوار اکرام اللہ گنڈا پور کو گھر کے احاطے میں سپرد خاک کردیا گیا جب کہ واقعے کا مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔

ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کلاچی میں پی ٹی آئی امیدوار سردار اکرام اللہ خان گنڈا پور کی نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں پی ٹی آئی کارکنان سمیت علاقہ مکین اور گنڈاپور برادری کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ 

نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد اکرام اللہ گنڈاپور کی تدفین ان کی رہائشگاہ میں ہی کردی گئی ہے۔ 

دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ کلاچی خودکش حملے کا مقدمہ اکرام اللہ گنڈاپور کے صاحبزادے آریز خان کی مدعیت میں درج کرلیا گیا جس میں نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔ 

یاد رہے کہ خودکش حملے میں شہید ہونے والے تحریک انصاف کے امیدوار اکرام اللہ گنڈا پور صوبائی اسمبلی کی نشست پی کے 99 ڈی آئی خان سے الیکشن لڑ رہے تھے۔

اور پانچ سال قبل ان کے بھائی اسراراللہ گنڈا پور بھی دہشت گردی کے حملے میں شہید ہوئے تھے۔ 

انتخابی امیدواروں پر حملے

10 جولائی کو پشاور کے علاقے یکہ توت میں عوامی نیشنل پارٹی کی کارنر میٹنگ میں دھماکے کے نتیجے میں اے این پی امیدوار ہارون بلور سمیت 22 افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہوئے۔

13 جولائی کو مستونگ میں انتخابی مہم کے دوران خودکش حملے میں بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار سراج رئیسانی سمیت 149 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوئے۔

13 جولائی کو ہی متحدہ مجلس عمل کے این اے 35 بنوں سے امیدوار اکرم خان درانی کے قافلے کو نشانہ بنایا گیا جس میں 4 افراد جاں بحق ہوئے۔

17 جولائی کو سابق وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور اور پاکستان مسلم لیگ نواز کے این اے 55 اٹک سے امیدوار شیخ آفتاب کامرہ میں انتخابی مہم میں شرکت کے بعد واپس آرہے تھے کہ ان کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی تاہم وہ قاتلانہ حملے میں محفوظ رہے۔

دہشت گردوں نے 22 جولائی کو بنوں کے علاقے بسیہ خیل متحدہ مجلس عمل کے امیدوار اکرام خان درانی کو نشانہ بنایا جس میں وہ محفوظ رہے۔

مزید خبریں :