شاہد اور میرا نے ممبئی کے پوش علاقے میں پرتعیش اپارٹمنٹ خرید لیا

ساحلی علاقے میں واقع اس پرکشش عمارت میں شاہد کپور کے علاوہ سابقہ حسینہ عالم ایشوریا رائے بچن، ابھیشیک بچن بھی رہائش پذیر ہیں— فوٹو: فائل

بالی وڈ اداکار شاہد کپور نے ممبئی کے پوش علاقے میں 56 کروڑ روپے کا پرتعیش اپارٹمنٹ خرید لیا۔

شاہد کپور اور ان کی اہلیہ کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش متوقع ہے جس کے لیے دونوں ہی بہت خوش ہیں۔ ان دونوں کی ایک 2 سال کی بیٹی میشا کپور بھی ہے۔

اداکار شاہد کپور نے نئے مہمان کی آمد سے پہلے ہی ممبئی کے پوش علاقے میں 56 کروڑ روپے سے زائد کا پرتعیش اپارٹمنٹ خرید لیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شاہد کپور کا پر تعیش اپارٹمنٹ ممبئی کے ساحلی علاقے وورلی میں واقع پرکشش رہائشی عمارت ’تھری سکسٹی ویسٹ‘ بلڈنگ کے 42 ویں اور 43 ویں منزل پر واقع ہے جس کا رقبہ 8 ہزار 625 اسکوائر فٹ ہے جب کہ اس گھر کی بالکونی 40 اسکوائر میٹر پر مشتمل ہے۔

اداکار نے پرتعیش گھر کا سودا گزشتہ ماہ طے کیا تھا لیکن ان کے گھر کی رجسٹریشن 12 جولائی کو ہوئی ہے جو کہ شاہد کپور اور میرا شاہد کپور کے نام سے ہے۔  

شاہد کپور نے 55 کروڑ 60 لاکھ بھارتی روپے کے علاوہ 2 کروڑ 91 لاکھ بھارتی روپے کی اسٹامپ ڈیوٹی فلیٹ کی رجسٹریشن کیلئے جمع کرائی ہے۔

اداکار شاہد کپور نے گھر میں تزئین و آرائش کا سلسلہ بھی شروع کر رکھا ہے اور وہ جلد ہی اس نئے گھر میں فیملی کے ہمراہ منتقل ہوجائیں گے۔

اس پرتعیش اپارٹمنٹ میں شاہد کپور کے علاوہ سابقہ حسینہ عالم ایشوریا رائے بچن، ابھیشیک بچن بھی رہائش پذیر ہیں جنہوں نے نومبر 2014 میں 41 کروڑ بھارتی روپے میں یہاں فلیٹ خریدا تھا۔ 

خیال رہے کہ شاہد کپور اور ان کی اہلیہ میرا کپور اس وقت ممبئی کے ایک اور ساحلی علاقے جوہو میں واقع گھر میں رہائش پذیر ہیں۔

یاد رہے کہ شاہد کپور اس وقت فلم ’بتی گل میٹر چالو‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس میں ان کے مقابل شردھا کپور مرکزی کردار میں نظر آئیں گی۔

مزید خبریں :