ایک ٹریلین ڈالر سرمائے کے ساتھ ایپل اسٹاک مارکیٹ میں سب سے آگے

ایپل کمپنی کے اسٹاک میں جمعرات کے روز 2.8 فی صد کا اضافہ ہوا —.فائل فوٹو

ڈیجیٹل الیکٹرانک کمپنی ایپل کی قدر 1 ٹریلین (1 کھرب) ڈالر تک جاپہنچی ہے جس کے بعد یہ امریکا کی سب سے بڑی پبلک کمپنی بن گئی ہے۔

ایپل کمپنی کے اسٹاک میں جمعرات (2 اگست) کے روز 2.8 فی صد کا اضافہ ہوا اور منگل سے شروع ہونے والے تسلسل میں یہ اضافہ 9 فی صد تک پہنچ گیا۔

 ایپل کے شیئرز میں سب سے زیادہ اضافہ اس وقت شروع ہوا جب جون کی سہ ماہی میں کمپنی کو امید سے زیادہ منافع ہوا اور اس نے اپنے 20 ارب ڈالر کے شیئرز خود خرید لیے۔

تاہم ایپل کمپنی کے مطابق مارکیٹ میں اس کے چار ارب سے زائد شیئرز ہیں۔

یاد رہے کہ گذشتہ برس اپیل کا منافع 229 ارب ڈالر تھا جس نے اسے سب سے زیادہ منافع والی پبلک کمپنی بنا دیا تھا۔ 

امریکی اسٹاک مارکیٹ میں ایپل کمپنی کے بعد دوسری کمپنی ایمازون ہے، جس کا سرمایہ تقریباً 880 ارب ڈالر  ہے جب کہ تیسرے نمبر پر مائیکرو سافٹ کمپنی ہے۔ 

یوں تو ایپل کمپنی آئی پیڈ، ایپل ڈیسک ٹاپ اور لیپ ٹاپ سمیت دیگر الیکٹرانک کی چیزیں بناتی ہے لیکن اس کی کامیابی کا دارومدار آئی فون پر ہے۔

ایپل آئی فونز کے نت نئے ماڈلز کے ساتھ بہترین ٹیکنالوجی بھی فراہم کرتی ہے، جو صارفین میں نہایت مقبول ہے۔

مزید خبریں :