دنیا
Time 03 اگست ، 2018

مقبوضہ کشمیر کے علاقے سوپور میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں مزید 2 کشمیری شہید

واقعے کے بعد علاقے میں صورتحال کشیدہ ہوگئی—۔فائل فوٹو

سری نگر: مقبوضہ کشمیر کے ضلع بارہ مولا کے علاقے سوپور میں بھارتی فورسز نے مزید 2 کشمیریوں کو شہید کردیا۔

کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق قابض بھارتی فوج اور پولیس نے دونوں کشمیریوں کو سوپور میں محاصرے کے دوران شہید کیا۔

واقعے کے بعد علاقے میں صورتحال کشیدہ ہوگئی۔

انتظامیہ نے ضلع بارہ مولا میں انٹرنیٹ سروس معطل کردی ہے جبکہ تعلیمی ادارے بھی بند کر دیئے گئے ہیں۔

دوسری جانب ضلع کپواڑہ میں مکمل ہڑتال ہے، جہاں گزشتہ روز بھارتی فوج نے 2 کشمیریوں کو شہید کیا تھا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی فوج نے مقبوضہ وادی میں گزشتہ ماہ 21 کشمیریوں کو شہید جبکہ 310 کو زخمی کیا، جن پر پیلٹ،گولیاں اور آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق جولائی میں حریت رہنماؤں سمیت 169 افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ قابض فوج نے محاصروں کے دوران 46 گھروں کو تباہ بھی کیا۔


مزید خبریں :