دنیا
Time 04 اگست ، 2018

چینی صدر کا فوجی افسران کو 2018 کے اختتام تک نجی کاروبار بند کرنے کا حکم

 چینی فوج نے 70 کی دہائی میں کمرشل سرگرمیاں شروع کی تھیں—۔فائل فوٹو/رائٹرز

بیجنگ: چین کے صدر شی جن پنگ نے فوجی افسران کو اپنے نجی کاروبار رواں سال کے آخر تک مکمل بند کرنے کی ہدایت کردی۔

چینی میڈیا کے مطابق صدر شی جن پنگ کے احکامات فوج میں کرپشن ختم کرنےکی مہم کا حصہ ہیں اور وہ فوج کو عالمی معیار کی لڑاکا فورس بنانا چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ چینی فوج نے 70 کی دہائی میں کمرشل سرگرمیاں شروع کی تھیں۔

رپورٹ کے مطابق چینی صدر نے کہا کہ فوجی افسران رئیل اسٹیٹ پروجیکٹس، اسکول اور پبلشنگ سروسز چلانا بند کردیں اور فوج اپنی اصل پیشہ ورانہ ذمے داریوں پر توجہ مرکوز کرے۔

گوبل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق چین کا سینٹرل ملٹری کمیشن (سی ایم سی) 2018 کے اختتام تک اپنے سارے کاروبار بند کردے گا جبکہ فوج کے 94 فیصد نجی منصوبے پہلے ہی ختم کیے جاچکے ہیں۔

ایک فوجی افسر نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ چینی فوج 15 شعبوں میں خدمات فراہم کرتی ہے، جن میں سے 12 کو ختم کیا جاچکا ہے۔

ان 15 شعبوں میں نرسری تعلیم، پریس اینڈ پبلیکیشنز، کلچر اور کھیل، کمیونیکیشن، پرسنل ٹریننگ، بیرکس پروجیکٹس، اسٹوریج اور ٹرانسپورٹیشن، رئیل اسٹیٹ، میڈیکل کیئر اور سائنٹیفک ریسرچ وغیرہ شامل ہیں۔

مزید خبریں :