کھیل
Time 10 اگست ، 2018

اسپاٹ فکسنگ کیس: شاہ زیب حسن کی سزا میں اضافہ، ایک سال سےبڑھا کر 4 سال کردی گئی


لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دوسرے ایڈیشن میں اسپاٹ فکسنگ الزامات کے بعد معطل ہونے والے کرکٹرشاہ زیب حسن کی اپیل کے معاملے پر آزاد ایڈجیوڈیکٹر نے فیصلہ سنادیا، جس کے تحت ان پر پابندی کی سزا ایک سال سے بڑھا کر 4 سال کر دی گئی جبکہ 10 لاکھ روپے جرمانہ برقرار رکھا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اسپاٹ فکسنگ میں نام سامنے آنے کے بعد شاہ زیب حسن کو 17 مارچ 2017 کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے معطل کردیا گیا تھا۔

شاہ زیب حسن کیس کی اینٹی کرپشن ٹریبونل میں سماعت گزشتہ سال 21 اپریل سے شروع ہوئی تھی، جس کا فیصلہ 31 جنوری کو محفوظ کیا گیا، جو رواں برس 28 جنوری کو سنایا گیا تھا۔

پی سی بی کے اینٹی کرپشن ٹربیونل نے اپنے فیصلے میں شاہ زیب حسن کو ایک سال پابندی اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔

شاہ زیب حسن کو 3 شقوں کی خلاف ورزی پر چارج شیٹ کیا گیا تھا، اُن پر کھلاڑیوں کو اُکسانے اور بکیز سے رابطوں کو رپورٹ نہ کرنے کا الزام تھا۔

تاہم شاہ زیب حسن نے 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا ختم کرنے کی اپیل کی تھی۔

آزاد ایڈجیوڈیکٹر جسٹس ریٹائرڈ حامد حسن نے آج اپیل کیس کا فیصلہ سنایا اور شاہ زیب حسن پر عائد جرمانہ برقرار رکھتے ہوئے ان پر پابندی کی سزا میں بھی اضافہ کردیا، جس کے مطابق معطل کرکٹر پر پابندی کی سزا اب ایک سال سے بڑھ کر 4 سال ہوگئی ہے۔

مزید خبریں :