جشن آزادی کے رنگ، سدا بہار ملی نغموں کے سنگ

70، 80 اور 90 کی دہائی میں پیش کیے گئے چند ملی نغمے ایسے ہیں، جو آج بھی لہو گرما دیتے ہیں۔

آج پاکستان کا 72 واں یومِ آزادی ملک بھر میں خوب جوش و خروش سے منایا جارہا ہے۔ شہر، گلیاں اور محلے سرسبز جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے سجے ہوئے ہیں اور بچے، بڑے اپنے اپنے انداز میں ملک سے محبت کا برملا اظہار کر رہے ہیں۔

اس کے ساتھ چند یادگار ملی نغمے بھی قوم کا لہو گرما رہے ہیں۔

70، 80 اور 90 کی دہائی میں پیش کیے گئے ملی نغموں کو اب بھی اُسی جوش و جذبے سے سنا جاتا ہے۔ ان ملی نغموں کی موسیقی اور شاعری اتنی جاندار ہے کہ آج بھی انسان ان میں مکمل طور پر ڈوب جاتا ہے اور جوش و ولولے میں اضافہ ہوجاتا ہے۔

آئیے آزادی پاکستان کا جشن چند یادگار ملی نغموں کے ساتھ مناتے ہیں، جو آج بھی سدا بہار ہیں۔

سوہنی دھرتی:

گلوکارہ شہناز بیگم کی آواز میں پیش کیا گیا ملی نغمہ 'سوہنی دھرتی' ہر دور میں مقبول رہا ہے۔ یہ وہ نغمہ ہے جسے آج تک پسند کیا جاتا ہے اور مختلف گلوکار اسے اپنی آواز میں پیش کرچکے ہیں۔


 تیرا پاکستان ہے، یہ میرا پاکستان ہے:

گلوکار سہیل رانا کی آواز میں گائے گئے ملی نغمے ’ تیرا پاکستان ہے، یہ میرا پاکستان ہے‘ کی دھن آج بھی دلوں میں بسی ہوئی ہے جو ایک نیا جوش اور جذبہ پیدا کردیتی ہے۔


  دل دل پاکستان:

جشن آزادی پاکستان ہو اور جنید جمشید (مرحوم) کی آواز میں وائیٹل سائنز کا ’دل دل پاکستان‘ نہ گنگنایا جائے، ایسا تو ممکن نہیں۔ یہ نغمہ آج بھی دلوں کی گہرائیوں کو چھوتا ہے اور ملک سے محبت کا اظہار کرتا ہے کیونکہ ہم سب کا دل 'پاکستان' ہے۔


جنون سے اور عشق سے ملتی ہے آزادی:

جنون بینڈ کا مشہور ملی نغمہ ’جنون سے اور عشق سے ملتی ہے آزادی‘ وہ نغمہ ہے، جو اُن تمام قربانیوں کی عکاسی کرتا ہے، جن کے نتیجے میں ہمیں وطن عزیز کا تحفہ ملا۔ 







جو نام وہی پہچان، پاکستان پاکستان:

یادگار ملی نغمہ ’جو نام وہی پہچان، پاکستان پاکستان‘ گلوکارہ نیرہ نور کی خوبصورت آواز میں پیش کیا گیا۔

یہ ایک ایسا نغمہ ہے جس کو سنتے ہی حب الوطنی کا جذبہ عروج پر پہنچ جاتا ہے۔







میرا پیغام پاکستان:

استاد نصرت فتح علی خان کی آواز میں گایا گیا یادگار نغمہ ’محبت امن ہے اور امن کا پیغام پاکستان‘ ایک سدا بہار ملی نغمہ ہے، جو تمام نغموں کی شان مانا جاتا ہے۔







یہ وطن تمہارا ہے:

غزل کے بادشاہ مہدی حسن کی خوبصورت آواز میں پیش کیا گیا ملی نغمہ ’یہ وطن تمہارا ہے‘ پاکستان کی نئی نسل کے لیے ایک پیغام ہے جو ہر دور میں مقبول رہا ہے اور آزادی کے جشن میں اگر یہ نغمہ شامل نہ کیا جائے تو ایسا معلوم ہوتا ہے کہ کچھ ادھورا رہ گیا ہے۔