دنیا
Time 19 اگست ، 2018

مناسک حج کا آغاز: دنیا بھر سے آئے لاکھوں عازمین منیٰ پہنچنا شروع


سعودی عرب میں فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے دنیا بھر سے آئے لاکھوں عازمین کی مکہ مکرمہ سے منیٰ روانگی شروع ہوگئی جہاں دنیا کی سب سے بڑی خیمہ بستی آباد ہوگی۔

رواں سال 20 لاکھ سے زائد عازمین فریضہ حج ادا کر رہے ہیں جن میں ایک لاکھ 84 ہزار پاکستانی عازمین بھی شامل ہیں۔

8 ذوالحج سے عازمین حج کی مکہ مکرمہ سے منیٰ روانگی شروع ہوگئی، منیٰ میں قیام کے بعد عازمین کل صبح یعنی 9 ذی الحج کو میدان عرفات روانہ ہوں گے اور حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کریں گے جب کہ اسی روز بعد نماز فجر غلاف کعبہ تبدیل کیا جائے گا۔ 

ہر سال وقوف عرفہ کے دن پرانا غلاف اتار کر خانہ کعبہ پر نیا غلاف چڑھایا جاتا ہے۔

وقوف عرفہ کے دوران مسجد نمرہ میں خطبہ حج ہوگا جو اس مرتبہ مسجد نبوی کے امام شیخ حسن بن عبدالعزیز آل الشیخ دیں گے پھر نماز ظہر اور عصر ایک ساتھ ادا کی جائے گی۔

بعدازاں عازمین حج غروب آفتاب کے ساتھ ہی مزدلفہ روانہ ہوں گے جہاں وہ نمازِ مغرب اور عشا قصر کے ساتھ ایک ساتھ پڑھیں گے، عازمین رات بھر کھلے آسمان تلے قیام کریں گے اور رمی کے لیے کنکریاں چنیں گے۔

دس ذی الحج کو طلوع آفتاب کے بعد حجاج کرام مزدلفہ سے رمی کے لیے جمرات جائیں گے پھر قربانی کے بعد سر منڈوا کر احرام کھول دیں گے اور طواف زیارت کریں گے۔

واضح رہے کہ اس سال سعودی حکام نے فرزندان اسلام کے لیے خصوصی سہولیات فراہم کی ہیں، تاکہ مناسک حج کی ادائیگی کے دوران کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔

اس سلسلے میں ایک ہیلپ لائن کے قیام کے ساتھ ساتھ خصوصی حج ایپلی کیشن بھی متعارف کروائی گئی ہے۔

حج ہیلپ لائن:

سعودی وزیر نے مکہ مکرمہ میں ایک نیوز کانفرنس کے دوران بتایا کہ وزارت نے کسی بھی قسم کی شکایات یا معلومات کے حصول کے لیے ایک نمبر 8004304444 مختص کردیا ہے اور تمام عازمین کسی بھی شکایت کی صورت میں کال کرسکتے ہیں۔

حج ایپلی کیشن:

اس سال سعودی عرب میں مناسک حج کی ادائیگی کے لیے خصوصی اسمارٹ حج ایپ بھی متعارف کروائی گئی ہے، جس سے عازمین حج کو طبی امداد سے لے کر راستوں کی معلومات حاصل کرنے کی بھی سہولت مہیا ہوگی۔

اس ایپلی کیشن کا نام ’مناسکانا ایپ‘ ہے اور مختلف زبانوں میں ہونے کے باعث اسے وہ افراد بھی استعمال کرسکتے ہیں جنہیں عربی اور انگریزی زبان نہیں آتی۔

اس ایپ کی مدد سے حکام کو ان لوگوں تک پہنچنے میں بھی مدد ملے گی، جو کسی قسم کی مشکل میں گرفتار ہوں گے۔

مزید خبریں :