دنیا
Time 20 اگست ، 2018

افغان طالبان نے جنگ بندی کی حکومتی پیشکش مسترد کردی

افغان صدر کی جانب سے طالبان کو 3 ماہ کی مشروط جنگ بندی کی پیش کش کی گئی تھی۔ فوٹو: فائل

کابل: افغان طالبان نے حکومت کی جانب سے جنگ بندی کی پیشکش مسترد کرتے ہوئے 150 کے قریب افراد کو اغواء کر لیا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق افغان طالبان کے ایک ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں صدر اشرف غنی کی جنگ بندی کی پیشکش کو مسترد کیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق افغان سپریم لیڈر کا کہنا ہے کہ حکومت کے خلاف لڑائی جاری رہے گی، ہماری جنگ بندی سے امریکی فورسز کو افغانستان میں قیام بڑھانے کا موقع مل جائےگا۔

دوسری جانب افغان طالبان نے شمالی افغانستان میں تین بسوں میں موجود 150 کے قریب افراد کو اغواء کر لیا۔

اس حوالے سے افغان طالبان کا کہنا ہے کہ ہم افغان فورسز کا پیچھا کر رہے تھے، بسوں میں موجود عام شہریوں کو رہا کر دیا جائے گا۔

خیال رہے کہ افغان حکومت نے عیدالاضحیٰ پر تین ماہ کی مشروط جنگ بندی کا اعلان کیا تھا جب کہ طالبان ترجمان کی جانب سے کہا گیا تھا کہ جنگ بندی کا حتمی اعلان سپریم کمانڈر ہیبت اللہ اخوند زادہ کریں گے۔

مزید خبریں :