پاکستان
Time 02 ستمبر ، 2018

سابق رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی نے ایم کیو ایم پاکستان چھوڑ دی


کراچی: سابق رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی نے حلقہ این اے 243 کے ضمنی انتخاب سے قبل ہی متحدہ قومی مومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کی پارٹی رکنیت چھوڑ دی ہے۔

علی رضا عابدی نے گزشتہ روز اپنا استعفی کنوینئر ایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول صدیقی کو بھجوایا اور سماجی رابطہ سائٹ ٹوئٹر پر بھی اسے جاری کیا۔

انہوں نے ایک ٹوئٹ میں استعفی کی تصویر شیئر کی اور لکھا کہ پارٹی رکنیت چھوڑنے کی وجہ ذاتی ہے۔


ذرائع کے مطابق علی رضا عابدی نے این اے 243 پر ضمنی انتخاب کے لیے نظرانداز کیے جانے پر دل برداشتہ ہوکر استعفی دیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ ایم کیو ایم پاکستان نے این اے 243 پر علی رضا عابدی کی جگہ فیصل سبزواری کے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں۔

خیال رہے کہ 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں کراچی کے حلقہ این  اے 243 کی نشست پر موجودہ وزیراعظم عمران خان نے کامیابی حاصل کی تھی اور اب اس نشست پر 14 اکتوبر کو ضمنی انتخاب ہوگا۔

مزید خبریں :