بلاگ
Time 10 ستمبر ، 2018

شہد اور زیتون سے لونگ اور سونف تک کا سفر

 جب شرجیل میمن کے کمرے سے برآمد ہونے والی شراب کی بوتلوں سے شہد اور زیتون کا تیل برآمد ہو سکتا تو نسوار کی پڑیا سے لونگ اور سونف بھی نکل سکتی ہے—۔فائل فوٹو

اگر طبی اعتبار سے دیکھا جائے تو شہد، زیتون، لونگ اور سونف چاروں ہی اپنی خصوصیات کے اعتبار سے فائدہ مند ہیں لیکن اگر شراب سے شہد اور نسوار سے سونف برآمد ہونے لگے تو سمجھ لیجیے کہ دال میں کچھ کالا ہے یا پھر پوری کی پوری دال ہی کالی ہے۔

ہمارے میڈیا چینلز کو تو اپنی ریٹنگ بڑھانے کے لیے کسی خبر کی تلاش رہتی ہی ہے اور اسے کوئی نہ کوئی خبر مل بھی جاتی ہے لیکن توپوں کی سلامی کے اصل مستحق تو وہ لوگ ہیں جو میڈیا کی زینت بننے کے لیے اوٹ پٹانگ حرکتیں یا بیانات داغتے رہتے ہیں۔

'پرانے پاکستان' میں تو میڈیا کو اداکارہ میرا کی گلابی انگریزی اور شیخ رشید کے دلچسپ اور طنزیہ جملوں کی فراوانی حاصل تھی لیکن 'نئے پاکستان' میں میرا نے خاموشی اختیار کر رکھی ہے اور شیخ صاحب وزیر بن چکے ہیں، اس لیے ان کے پاس اب چٹکلوں کے لیے فارغ وقت ہی نہیں۔

ہاں لیکن 'نئے پاکستان' میں میڈیا کی نظریں فیاض الحسن چوہان اور فواد چوہدری پر لگی رہتی ہیں کہ آج دونوں میں سے کون میڈیا پر کیا بیان دیتا ہے۔

 'نئے پاکستان' میں میرا نے خاموشی اختیار کر رکھی ہے اور شیخ صاحب وزیر بن چکے ہیں

پہلے پہل سوشل میڈیا کا استعمال کم ہونے کی وجہ سے لوگ الٹے سیدھے بیانات دے کر بھی تنقید سے بچ جاتے تھے لیکن اب تو کیمرے کی آنکھ کے سامنے کی ہوئی چھوٹی سی غلطی بھی جنگل میں آگ کی طرح انٹرنیٹ پر وائرل ہو جاتی ہے۔

اسی طرح جب چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے کراچی کے پوش علاقے کلفٹن میں واقع ضیاء الدین اسپتال میں قائم سب جیل کا دورہ کیا تو شرجیل انعام میمن کے کمرے سے برآمد شراب کی بوتلوں سے شہد اور زیتون کے چشمے پھوٹ پڑے۔

چیف جسٹس نے اپنی تسلی کے لیے شرجیل میمن کے خون کے ٹیسٹ کا حکم دیا تو کیمیکل ایگزامنر نے بوتلوں میں موجود اجزاء کو شہد اور زیتون کا تیل ہی قرار دیا۔

خون کے جو نمونے ٹیسٹ کے لیے بھیجے گئے تھے، اس میں بھی انسان کو مدہوش کرنے والی کسی چیز کی شناخت نہ ہو سکی، اب چیف جسٹس چونکہ خود اس سارے واقعے کے گواہ تھے اس لیے حیران ہی رہ گئے کہ آخر یہ شہد کی نہریں کہاں سے پھوٹ رہی ہیں؟ انہوں نے اپنی تشفی کے لیے شرجیل میمن کے خون کے نمونوں کو فرانزک لیبارٹری بھجوانے کے احکامات صادر فرما دیئے تاکہ 'شہد' کے 'چشمے' کی تہہ تک پہنچا جائے۔

یومِ دفاع کی تقریب میں شاہد آفریدی نے ایک ایسی حرکت کر ڈالی کہ سوشل میڈیا صارفین یہ کہنے پر مجبور ہو گئے کہ 'لالہ واقعی پٹھان ہے'

ابھی شرجیل میمن کا یہ معاملہ کچھ کم ہوا ہی تھا کہ شاہد آفریدی نے 6 ستمبر کو جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہونے والی یومِ دفاع و شہداء کی تقریب میں ایک ایسی حرکت کر ڈالی کہ سوشل میڈیا صارفین یہ کہنے پر مجبور ہو گئے کہ 'لالہ واقعی پٹھان ہے'۔

جن لوگوں نے شاہد آفریدی کو بھرے مجمع میں نسوار لگاتے دیکھا، انہوں نے تو ماضی کے جارح مزاج بلے باز کو دلچسپ القابات سے نوازا ہی لیکن جب اس حوالے سے قومی ٹیم کے سابق کپتان سے پوچھا گیا تو انہوں نے ایک نیا چٹکلا چھوڑ دیا کہ 'میں تو لونگ اور سونف سونگھتا ہوں' اور صرف یہی نہیں انہوں نے اپنی جیب سے ایک پڑیا نکالی اور صحافی کی جانب کرتے ہوئے کہا کہ 'یہ لیں آپ بھی سونگھ لیں'۔

تو جناب ہم تو اب اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ جب شرجیل میمن کے کمرے سے برآمد ہونے والی شراب کی بوتلوں سے شہد اور زیتون کا تیل برآمد ہو سکتا تو نسوار کی پڑیا سے لونگ اور سونف بھی نکل سکتی ہے۔ کسی کو کوئی شک تو نہیں؟


جیو نیوز، جنگ گروپ یا اس کی ادارتی پالیسی کا اس تحریر کے مندرجات سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔