ارمینا خان نے ٹوئٹر پر غیراخلاقی زبان استعمال کرنےوالے شخص کو آڑے ہاتھوں لے لیا

ارمینا خان اداکاری کے ساتھ ساتھ سماجی خدمات بھی انجام دیتی ہیں—. فوٹو/ بشکریہ انسٹاگرام 

پاکستانی اداکارہ ارمینا خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر غیر اخلاقی زبان استعمال کرنے والے ایک صارف کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

گزشتہ دنوں ارمینا خان کے لیے ایک صارف نے انتہائی غیر اخلاقی زبان استعمال کرتے ہوئے چند ٹوئیٹس شیئر کی تھیں، جس پر اداکارہ آگ بگولہ ہوگئیں۔

اگرچہ مذکورہ صارف نے اپنی تمام ٹوئیٹس کو بعدازاں حذف کردیا تھا، لیکن ارمینا خان نے وہ تمام ٹوئیٹس بذریعہ اسکرین شاٹ محفوظ کرکے اپنے اکاؤنٹ پر شیئر کیے۔

ارمینا خان نے اپنی ایک ٹوئٹ میں غیر اخلاقی زبان استعمال کرنے پر اظہار افسوس کیا اور استفسار کیا کہ اس شخص کی معلومات دینے میں کون ان کی مدد کرسکتا ہے؟





اداکارہ نے اس کے بعد ایک اور ٹوئٹر پیغام میں آگاہ کیا کہ اس صارف نے تمام ٹوئیٹس حذف کردی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ’اس شخص کو ڈھونڈ لیا گیا ہے اور اسے متعلقہ حکام کے سامنے پیش کیا جائے گا'۔

ارمینا کا کہنا تھا، 'اگر آپ کسی کو برے کلمات کہتے سنیں تو برداشت نہ کریں بلکہ اس کی رپورٹ درج کروائیں، یہ سائبر کرائم ہے‘۔ 






اداکارہ کا مذکورہ صارف کے حوالے سے مزید کہنا تھا کہ ان کی نظر میں ماں، بہن اور بیٹی کی کوئی عزت نہیں، ایسے لوگ معاشرے کی برائی ہیں، ہمیں ہمارے والدین یہ نہیں سکھاتے۔

اداکارہ نے اپنی ایک اور ٹوئیٹ میں کہا کہ 'خواتین و حضرات، لڑکے اور لڑکیاں کبھی بھی کسی کی جانب سے غیر اخلاقی زبان برداشت نہ کریں، دنیا کے تمام اچھے لوگ آپ کے ساتھ ہیں‘۔  





واضح رہے کہ ارمینا خان اداکاری کے ساتھ ساتھ سماجی خدمات بھی انجام دیتی ہیں اور گاہے بگاہے معاشرتی مسائل اور رویوں کے حوالے سے اپنے خیالات بھی سوشل میڈیا پر شیئر کرتی رہتی ہیں۔

مزید خبریں :