جدید ترین ٹیکنالوجی کے ساتھ آئی فون کے 3 نئے ماڈلز، اسمارٹ واچ متعارف

فونز کا ڈسپلے 5.8 اور 6.5 انچ ہے—فوٹو/ بشکریہ ایپل

وپرٹینو: ایپل کی جانب سے تین نئے ماڈلز آئی فون ایکس ایس (10s)، آئی فون ایکس ایس میکس اور آئی فون ایکس آر متعارف کرادیے گئے ہیں۔

ایپل ہیڈکوارٹر میں ہونے والے ایک ایونٹ میں ان تینوں نئے آئی فون ماڈلز کے ساتھ ایپل واچ بھی متعارف کروائی گئی ہے، جسے پہلے کی نسبت مزید اَپ گریڈ کیا گیا ہے۔

لانچنگ تقریب میں ایپل کمپنی کے سی ای او ٹم کک کا کہنا تھا کہ یہ اب تک کے سب سے ایڈوانس آئی فونز ہیں، ہم آئی فون ایکس سیریز کو نئی بلندیوں تک لے جارہے ہیں۔ 

نئے آئی فون ماڈلز کو پہلے سے بہتر اور تیز ٹیکنالوجی کی مدد سے تیار کیا گیا ہے۔

فوٹو رائٹرز—۔

آئی فون ایکس ایس اور ایکس ایس میکس میں تقریباً آئی فون ایکس جیسے فیچرز شامل کیے گئے ہیں۔

آئی فون ایکس ایس کی ڈسپلے اسکرین سپر ریٹینا 5.8 انچ ہے جب کہ ایکس ایس میکس کی ڈسپلے اسکرین 6.5 انچ ہے۔

ان دونوں نئے آئی فونز میں او ایل ای ڈی، ایج ٹو ایج ڈسپلے، 12 میگا پکسل کیمرہ اور 7 میگا پکسل سیلفی کیمرہ فراہم کیا گیا ہے جب کہ دونوں میں ہی ہوم بٹن کو ختم کردیا گیا ہے۔

آئی فون ایکس کی طرح اس میں بھی فیشل ریکگنیشن فیچر اور سلمر بیزلز دستیاب کیے گئے ہیں۔

ان دونوں فونز میں ایچ ڈی آر، ڈولبی ویژن، ایچ ڈی آر 10، 120 ہرٹز ٹچ سنسنگ، تھری ڈی ٹچ، وائیڈ کلر سپورٹ اور دیگر فیچرز بھی شامل ہیں۔

اس فون میں ایپل نے اپنی نئی اے 12 بایونک چِپ استعمال کی ہے جو کمپنی کے بقول اسمارٹ فون مارکیٹ کی پہلی 7 نینو میٹر چِپ ہے۔

 نئے آئی فونز پہلے ماڈلز کے مقابلے میں 30 فیصد زیادہ تیز ہیں، جن میں پہلی بار کمپنی نے 512 جی بی اسٹوریج والا ورژن متعارف کروایا ہے۔

ان دونوں فونز میں 64 جی بی، 256 جی بی اور 512 جی بی اسٹوریج کے آپشنز ہوں گے، جبکہ آئی او ایس 12 آپریٹنگ سسٹم دیا گیا ہے۔

ایپل کمپنی کے سی ای او ٹم کک—.فوٹو رائٹرز

علاوہ ازیں ایپل نے آئی فون 8 کے متبادل کے طور پر 6.1 انچ ایل سی ڈی ڈسپلے والا انٹری لیول آئی فون ایکس آر بھی پیش کیا ہے، جو ایلمونیم فون ہے۔

آئی فون ایکس آر نوچ اور بیزل لیس ہے، جس میں نیا کیمرہ سسٹم بھی دیا گیا ہے۔

آئی فون ایکس آر منفرد رنگوں میں دستیاب ہوگا جن میں سفید، سیاہ، نیلا، کورل اور زرد رنگ شامل ہیں ۔

آئی فون ایکس آر، ایکس ایس میکس اور ایکس ایس میں نیا آئی او ایس 12 آپریٹنگ سسٹم دیا گیا ہے۔

آئی فون ایکس آر کی قیمت 749 ڈالرز یعنی پاکستانی 92 ہزار روپے سے زائد، آئی فون ایکس ایس کی 999 ڈالر یعنی 1 لاکھ 22 ہزار پاکستانی روپے سے زائد جبکہ آئی فون ایکس ایس میکس کی قیمت 1099 ڈالر یعنی 1 لاکھ 35 ہزار پاکستانی روپے سے زائد ہے۔ 

اسمارٹ واچ

ایپل کی نئی اسمارٹ واچ—فوٹو/بشکریہ ایپل

اس کے علاوہ ایپل نے ایک نئی اسمارٹ واچ بھی متعارف کروائی ہے جس میں صحت کے حوالے سے نئے فیچرز شامل کیے گئے ہیں۔

یہ واچ 21 ستمبر سے امریکا میں 399 ڈالرز میں دستیاب ہوگی۔

چیف آپریٹنگ آفیسر جیف ولیم نے بتایا کہ اس واچ سے کسی بھی وقت کہیں بھی ای سی جی لیا جاسکتا ہے۔

اس کے علاوہ اگر اس گھڑی کو پہننے والا شخص گر جائے تو یہ اس صورت حال کو سمجھنے کی بھی صلاحیت رکھتی ہے۔

جیف نے بتایا کہ اگر گرا ہوا شخص کچھ دیر تک اپنے مقام سے ہل نہیں پاتا تو یہ گھڑی ایمرجنسی سروسز کو کال کردے گی۔

مزید خبریں :