پاکستان
Time 13 ستمبر ، 2018

نواز شریف، مریم اور صفدر کی پیرول پر رہائی میں 4 روز کی توسیع

 پیرول پر رہائی جمعرات کی صبح 12 بجے سے اتوار کی رات 12 بجے تک ہوگی، محکمہ داخلہ پنجاب. فوٹو: فائل

لاہور: پنجاب حکومت کی جانب سے سابق وزیراعظم نواز شریف ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کی پیرول پر رہائی میں 4 روز کی توسیع کی گئی ہے۔

بیگم کلثوم نواز کی وفات کے بعد نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو حکومت نے 12 گھنٹے کے لیے پیرول پر رہا کیا تاہم پنجاب حکومت نے جمعرات کی صبح 12 بجے سے اتوار کی رات 12 بجے تک پیرول پر رہائی میں توسیع کردی۔

شریف خاندان کی جانب سے 5 روز کے لیے رہائی کی درخواست دی گئی تھی، اس سے قبل اطلاعات تھیں کہ نواز شریف پیرول پر رہائی نہیں چاہتے تھے اور مریم نواز نے بھی اس کی تائید کی تھی۔

تاہم شہباز شریف نے بھرپور اصرار کیا اور اپنی جانب سے پیرول کی درخواست دیتے ہوئے اس پر دستخط بھی کیے۔

نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر اس وقت جاتی امراء میں موجود ہیں اور بیگم کلثوم نواز کی میت بھی آج رات وہیں لائی جائے گی جس کے بعد کل شام 5 بجے نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد ان کی تدفین کی جائے گی۔

ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ کلثوم نواز کی میت پاکستان آنے میں کسی تاخیر پر پیرول میں مزید اضافہ کردیا جائے گا۔

واضح رہے کہ کلثوم نواز کے خاوند اور سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر ایون فیلڈ ریفرنس میں احتساب عدالت سے سزا یافتہ ہیں اور 13 جولائی سے اڈیالہ جیل میں قید ہیں جنہیں کلثوم نواز کے انتقال کے باعث خصوصی طور پر رہا کیا گیا ہے۔

مزید خبریں :