دنیا
Time 16 ستمبر ، 2018

فلپائن میں تباہی مچانے کے بعد طوفان منگ ہٹ چین کے سب سے زیادہ آبادی والے صوبے سے ٹکرا گیا

طوفان کے باعث 550 پروازیں منسوخ اور 200 تاخیر کا شکار، حکام کی شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت۔ فوٹو: فائل

منگ ہٹ نامی طوفان فلپائن میں تباہی مچانے کے بعد ہانگ کانگ سے ہوتا ہوا چین کے سب س زیادہ آبادی والے صوبے گوانگ ڈونگ سے ٹکرا گیا ہے۔

گزشتہ روز فلپائن میں داخل ہونے والے طوفان منگ ہٹ کو رواں سال کا سب سے خطرناک اور تباہ کن طوفان قرار دیا جا رہا ہے، طوفان کے باعث فلپائن میں تیز ہواؤں اور بارشوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ لینڈ سلائیڈنگ سمیت مختلف حادثات میں 50 سے زائد افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو چکے ہیں۔

منگ ہٹ طوفان فلپائن کے بعد ہانگ کانگ میں تباہی مچاتا ہوا چین کے سب سے بڑے آبادی والے صوبے گوانگ ڈونگ سے ٹکرا گیا ہے جہاں 160 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتارے سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ 

ہانگ کانگ میں علی الصبح تیز ہواؤں کے ساتھ شدید بارش ہوئی جس کے باعث کئی مکانات کی چھتیں آڑ گئیں اور لوگوں کی املاک کو بھی نقصان پہنچا، اس وقت  بھی ہانگ کانگ میں 165 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چل رہی ہیں۔

حکام نے شہریوں کو گھروں میں ہی رہنے کی ہدایت کی ہے جب کہ اشیا و خورو نوش کی دکانوں پر عوام کا رش دیکھنے میں آ رہا ہے۔

طوفان کے باعث 550 پروازیں منسوخ اور 200 تاخیر کا شکار ہیں جب کہ پبلک ٹرانسپورٹ بھی مکمل طور پر بند ہے۔

ہانگ کانگ آبزرویٹری ( ایچ کے او) نے طوفان کو ٹی 10 قرار دیا ہے جو ہانگ کانگ کے جنوب مغرب میں 100 کلومیٹر پر موجود ہے اور 30 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیزی سے چین کی طرف بڑھ رہا ہے۔

ہانگ کانگ کی تاریخ میں یہ 15ویں مرتبہ ہے کہ کسی سمندری طوفان کو ٹی ٹین درجہ دیا گیا ہے، اس سے قبل گزشتہ سال سپر ٹائیفون ہیٹو نے ہانگ کانگ میں تباہی مچائی تھی۔

مزید خبریں :