پاکستان
Time 17 ستمبر ، 2018

نواز شریف، مریم اور صفدر لاہور سے اڈیالہ جیل منتقل

تینوں افراد کو لاہور سے اڈیالہ جیل لے جانے کے لیے خصوصی طیارہ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر موجود ہے۔ فوٹو: جیو نیوز اسکرین گریب

لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کو پیرول رول پر رہائی کا وقت ختم ہونے کے بعد لاہور سے اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا۔

سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے تینوں افراد کو پیرول پر رہا کیا گیا تھا جس کا وقت آج شام 4 بجے ختم ہوا۔

اڈیالہ جیل کے تین افسران نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو جاتی امراء سے بذریعہ خصوصی طیارہ نور خان ایئربیس لایا جس کے بعد انہیں خصوصی اسکواڈ کی سیکیورٹی میں اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا۔

لاہور سے اڈیالہ جیل تک کے سفر میں شہباز شریف اپنے بھائی نواز شریف کے ہمراہ رہے۔


سابق وزیراعظم اڈیالہ جیل جانے سے قبل والدہ سے ملاقات کر رہے ہیں۔

اس سے قبل جاتی امراء سے روانگی سے قبل شریف فیملی کے افراد نے کلثوم نواز کی قبر پر حاضری دی جب کہ نواز شریف کی والدہ نے انہیں رخصت کرتے ہوئے بوسہ بھی دیا۔

یاد رہے کہ نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو کلثوم نواز کے انتقال پر 11 ستمبر کی شب اڈیالہ جیل سے 12 گھنٹے کے لیے پیرول رول پر رہائی دی گئی تھی جس کی مدت میں آج شام 4 بجے تک کے لیے توسیع کی گئی۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ پنجاب کے مطابق نواز شریف، مریم اور کیپٹن صفدر کی جانب سے پیرول میں توسیع کی کوئی درخواست نہیں ملی۔ 

یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر ایون فیلڈ ریفرنس میں احتساب عدالت سے سزا یافتہ ہیں اور 13 جولائی سے اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔

گیارہ ستمبر کو نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر انہیں پے رول پر رہا کیا گیا جس کے حوالے سے بتایا جاتا ہے کہ انہوں نے پیرول پر رہائی سے انکار کردیا تھا۔

شہباز شریف کے بے حد اصرار پر نواز شریف پیرول رول پر رہائی لینے پر آمادہ ہوئے۔

مزید خبریں :