عامر خان کی ’ٹھگس آف ہندوستان‘ کی ریلیز کی تاریخ سامنے آگئی

— فوٹو: فائل 

بالی وڈ میگا اسٹار امیتابھ بچن اور عامر خان کی فلم ’ٹھگس آف ہندوستان‘ کی ریلیز کی تاریخ سامنے آگئی۔

بالی وڈ کے سب سے بڑے بینر ’یش راج فلمز‘ کے بینر تلے بننے والی فلم ’ٹھگس آف ہندوستان‘ عامر خان اور امیتابھ بچن کی ایک ساتھ پہلی فلم ہے۔

دونوں اداکاروں کے ساتھ ساتھ فلم میں کترینی کیف اور فاطمہ ثناء شیخ شامل ہیں جب کہ فلم کی شوٹنگ 2 سالوں سے جاری ہے۔

عامر خان نے 2 سال قبل ہی فلم ’ٹھگس آف ہندوستان‘ کو دیوالی کے موقع پر ریلیز کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن رواں سال لیجنڈری اداکار رجنی کانت اور اکشے کمار کی فلم ’2.0‘ کے پروڈیوسرز نے عامر خان سے فلم کی نمائش آگے بڑھانے کی درخواست کی تھی۔

عامر خان نے فلم ’2.0‘ کے لیے اپنی فلم کو آگے بڑھانے سے انکار کردیا تھا لیکن اب عامر خان نے بھی فلم کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان کردیا ہے۔

عامر خان نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر فلم ’ٹھگس آف ہندوستان‘ کا لوگو جاری کیا جس میں انہوں نے ساتھ ہی فلم کو 8 نومبر کو ریلیز کرنے کا اعلان کیا۔

یش راج فلمز پروڈکشن کے بینر تلے بننے والی فلم کو وجے کرشنا اچاریہ نے ڈائریکٹ کیا ہے جب کہ فلم کا اسٹوری، اسکرین پلے اور ڈائیلاگز بھی انہوں نے ہی تحریر کیے ہیں۔ 

مزید خبریں :