پاکستان
Time 18 ستمبر ، 2018

کراچی میں گاڑیوں کے بعد چوری شدہ موبائل فونز کے اسپیئر پارٹس بھی بِکنے لگے

منشیات کے اڈوں پر چوری کے موبائل فونز کم قیمتوں پر بڑی تعداد میں بیچے جاتے ہیں، گرفتار ملزم کے انکشافات— فوٹو: اسکرین گریب

کراچی: چوری کی گاڑیوں کے اسپیئرپارٹس کے بعد چوری یا چھینے گئے موبائل فونز کے پرزے بھی فروخت ہونے لگے۔

شہر قائد میں چوروں نے پکڑے جانے سے بچنے کے لیے پورے موبائل فون کے بجائے اس کے پارٹس بیچنے شروع کردیئے ہیں۔ یہ سنسنی خیز انکشاف جمشید کوارٹر تھانے کی تفتیشی پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہونے والے ملزم فیضان نے کیا ہے۔

فوٹو: اسکرین گریب

فیضان کے مطابق وہ ڈکیتوں سے موبائل فون خریدتا ہے اور چوری کے موبائل فونز کو کھول کر اس کے اسپیئر پارٹس فروخت کیے جاتے ہیں، موبائل فونز حصوں کی صورت میں بکنے سے ٹریس نہیں ہوتے۔

ملزم نے پولیس کو بتایا کہ منشیات کے اڈوں پر چوری کے موبائل کم قیمتوں پر بڑی تعداد میں بیچے جاتے ہیں اور وہ اپنے ساتھیوں کامران اور اختر سے گزشتہ چار ماہ سے چھینے گئے موبائل فون خرید رہا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے انکشافات کے بعد اس غیر قانونی دھندے میں ملوث دیگر ملزمان تک پہنچنے میں مدد ملے گی۔

یاد رہے کہ شہر میں اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں اضافہ ہوا ہے جس کے بعد گزشتہ دنوں کراچی پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے نئی حکمت عملی کے تحت اسٹریٹ کرائم اور ڈکیتی کی مختلف واردتوں میں ملوث 40 جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

مزید خبریں :