پاکستان
Time 19 ستمبر ، 2018

ملک بھر میں 8 محرم الحرام کے جلوس، مختلف شہروں میں موبائل فون سروس بند

جلوسوں کی گزر گاہوں کو کنٹینرز اور دیگر رکاوٹیں لگا کر بند کیا گیا ہے جب کہ ٹریفک کو متبادل راستوں پر موڑا گیا ہے۔ فوٹو: فائل

ملک بھر میں 8 محرم الحرام کے جلوس آج برآمد ہوں گے اور مجالس میں حضرت عباس علمدار رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا خصوصی ذکر ہوگا۔ 

شہدائے کربلا کی یاد میں راولپنڈی، ملتان، بہاولپور، سیالکوٹ اور حیدرآباد سمیت دیگر شہروں میں شبیہ علم اور ذوالجناح کے جلوس نکالے جائیں گے جب کہ کئی شہریوں میں موبائل فون سروس بند اور موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی ہے۔ 

جلوسوں کی سیکیورٹی کے لیے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جلوسوں کی گزر گاہوں کو کنٹینرز اور دیگر رکاوٹیں لگا کر بند کیا گیا ہے جب کہ ٹریفک کو متبادل راستوں پر موڑا گیا ہے۔

پاراچنار میں سیکیورٹی انتظامات کے پیش نظر پاک افغان سرحد سیل کردی گئی ہے۔

کراچی میں مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوگا جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیاں ایرانیاں پر اختتام پزیر ہوگا۔ 

نشتر پارک سے جلوس برآمد ہونے کے بعد ٹریفک کو سولجر بازار سے کوسٹ گارڈ کی طرف موڑ دیا جائے گا جب کہ ناظم آباد سے ایم  اے جناح آنے والے ٹریفک کو لسبیلہ چوک سے نشتر روڈ گارڈن موڑا جائے گا۔

گوجرانوالہ میں 76 جلوس اور 156 مجالس ہونگی اور مرکزی جلوس امام بارگاہ در سجاد اور حویلی سادات سے برآمد ہوں گے، امام بارگا در سجاد سے شبیہ ذوالجناح کا جلوس تین بجے اور دوسرا جلوس حویلی سادات سے رات 9 بجے برآمد ہوگا۔

پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے جلوسوں کی سیکیورٹی پر مامور ہیں جب کہ ٹریفک پولیس کے اہلکار بھی خدمات پیش کر رہے ہیں۔

مزید خبریں :