پاکستان
Time 19 ستمبر ، 2018

کلثوم نواز کے انتقال کے بعد فیصلے کا آنا شریف خاندان کیلئے ریلیف ہے، بلاول

— فوٹو: فائل 

لاہور: چیئرمن پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ بیگم کلثوم نواز کے انتقال کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ سے فیصلے کا آنا شریف خاندان کیلئے ریلیف ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے ردعمل پر کہنا تھا کہ  پیپلزپارٹی اور شہید محترمہ بینظیر نے ہمیشہ عدلیہ کی آزادی کی لڑائی لڑی ہے اور پیپلز پارٹی عدلیہ کی آزادی کی جدوجہد کا ہراول دستہ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپنی جدوجہد کے باوجود پیپلزپارٹی نے عدالتی فیصلوں کا سامنا کیا اور فیصلے خلاف آنے کے باوجود کبھی عدالتوں کو بےتوقیر نہیں کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ بیگم کلثوم کے انتقال کی وجہ سے شریف خاندان مشکل وقت سے گزر رہا تھا اور اس فیصلے کا آنا شریف خاندان کے لیے ایک ریلیف ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم فیصلے کے قانونی پہلوؤں پر کوئی رائے نہیں دے سکتے تاہم اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے پر اپیلوں کے مراحل ابھی باقی ہیں۔

پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ ہمیں یقین ہےکہ عدالتیں کسی کے خلاف سیاسی انتقام کے عمل کا حصہ نہیں ہیں، جمہوری نظام آگے بڑھانے کے لیے قانون کی حکمرانی اور عدلیہ کی آزادی لازمی جُز ہے۔

یاد رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے احتساب عدالت کی جانب سے دی گئی سزائیں معطل کردیں ہیں اور معطلی درخواستیں منظور کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نواز شریف، بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت نمبر ایک کے جج محمد بشیر نے رواں برس 6 جولائی کو ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کو 10 سال قید اور جرمانے، مریم نواز کو 7 سال قید اور جرمانے اور کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی تھی۔

مزید خبریں :