پاکستان
Time 22 ستمبر ، 2018

گرمی نے ستمبر میں ستم ڈھادیا، پارہ 40 ڈگری کو چھو گیا

محکمہ موسمیات کے مطابق 4 روز تک شدید گرمی کی لہر کراچی کو لپیٹ میں لیے رکھے گی—۔فائل فوٹو

کراچی: شہرِ قائد میں سمندری ہوائیں رک گئیں اور شمال مغربی علاقوں سے چلنے والی ہواؤں نے موسم کو گرم کردیا۔

کراچی میں گرمی نے ستمبر میں ستم ڈھادیا، پارہ 40 ڈگری کو چھو گیا، شہر میں سمندری ہوائیں بند اور شمال مغربی علاقوں سےچلنے والی ہواوں سے گرمی بڑھ گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا کا کم دباؤ بھارتی گجرات میں موجود ہے، سمندری طوفان کا امکان نہیں۔

محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر عبدالرشید نے جیو نیوز کو بتایا کہ خلیج بنگال میں ہوا کے کم دباؤ کے باعث 4 روز تک شدید گرمی کی لہر کراچی کو لپیٹ میں لیے رکھے گی۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات نے اس دوران شہر کا درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 26 ستمبر کے بعد سے گرمی کی شدت میں کمی آنا شروع ہو جائے گی۔

واضح رہے کہ رواں برس مئی اور جون میں بھی شہرِ قائد کے باسی کئی مرتبہ ہیٹ ویو کا سامنا کرچکے ہیں۔

احتیاطی تدابیر:

شہری شدید گرمی میں ہیٹ ویو سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے بلاضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں اور اگر گھر سے نکلیں تو سر کو ڈھانپ کر رکھیں۔

ماہرین اور ڈاکٹروں کے مطابق سر اور جسم کے دیگر حصوں پر گیلا کپڑا لپیٹنے سے بھی گرمی کا احساس کم ہوتا ہے۔

شدید گرمی کے موسم میں ہلکے رنگ اور ڈھیلے ڈھالے کپڑے پہننے کی ہدایت کی جاتی ہے، جو گرمی کے احساس میں کمی کے لیے مددگار ہوتے ہیں۔

مزید خبریں :