دنیا
Time 22 ستمبر ، 2018

ایرانی صوبے اہواز میں فوجی پریڈ پر حملہ، ہلاکتوں کی تعداد 29 ہوگئی

حملے میں زخمی فوجی اہلکار: فوٹو بشکریہ تہران ٹائمز

تہران: صوبہ اہواز میں فوجی پریڈ کے دوران حملے میں ہلاکتوں کی تعداد 29 ہوگئی جب کہ خواتین اور بچوں سمیت 50 سے زائد افراد زخمی ہیں۔

ایرانی میڈیا کے مطابق جنوب مغربی صوبے اہواز میں فوجی پریڈ جاری تھی کہ اس دوران مسلح شخص کی جانب سے فائرنگ کی گئی۔

فوجی پریڈ میں حملے کے بعد جائے وقوعہ کے مناظر: فوٹو/ بشکریہ تہران ٹائمز

میڈیا رپوٹس کے مطابق حملہ آوروں نے فوجی پریڈ کے دوران پیچھے سے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 8 فوجی ہلاک جب کہ خواتین اور بچوں سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے۔

مقامی میڈیا کے مطابق حملے میں زخمی ہونے والے بعض افراد دم توڑ گئے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 29 ہوگئی ہے جب کہ خواتین اور بچوں سمیت 50 سے زائد زخمی اہواز کے مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

مقامی میڈیا کا کہنا ہےکہ واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے چار سے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

ایران کے سرکاری ٹی وی کا کہنا ہے کہ حملہ عسکریت پسندوں کی جانب سے کیا گیا ہے۔

ترجمان ایرانی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اہواز ملٹری پریڈ کے حملہ آوروں کا تعلق داعش سے نہیں بلکہ حملہ آوروں کا رابطہ اسرائیل اور امریکا سےتھا۔

ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے ایران میں فوجی پریڈ پر حملے پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردوں کو اسلحہ، تربیت اور معاوضہ غیر ملکی حکومت نے ادا کیا۔

جواد ظریف نے کہا ہے کہ ایرانی عوام کے دفاع کے لیے جوابی کارروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔

پاکستان کی حملے پر مذمت

پاکستان نے ایران کی اہواز ملٹری پریڈ میں حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان دکھ کی اس گھڑی میں اپنے ایرانی بھائیوں کے ساتھ ہے۔

مزید خبریں :