کھیل
Time 25 ستمبر ، 2018

سال کے بہترین گول کا ایوارڈ مصر کے محمد صلاح لے اڑے

— فوٹو: ٹوئٹر 

کروشیا کے فٹبالر لوکا موڈرچ فیفا کا ’بیسٹ پلیئر آف دی ایئر‘ کا ایوارڈ لے اڑے۔

فٹبال کی عالمی تنظیم کے زیر اہتمام ’فیفا بیسٹ ایوارڈ‘ تقریب لندن میں منعقد ہوئی جس میں دنیا بھر کے کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ 

تقریب میں رواں سال کے بہترین کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا گیا اور انہیں ایوارڈز بھی دیئے گئے۔

فیفا بیسٹ پلیئر آف دی ایئر کا ایوارڈ نہ رونالڈو اور نہ مصر کے محمد صلاح کے نام رہا بلکہ کروشیا کے لوکا موڈرچ یہ ایوارڈ لے اڑے ہیں جب کہ ’بیسٹ ویمنز پلیئر آف دی ایئر‘ کا ایوارڈ برازیل کی کپتان مارٹا نے اپنے نام کیا۔

برازیلی فٹبال ٹیم کی کپتان — فوٹو: فیفا ٹوئٹر اکاؤنٹ 

سال کے بہترین گول کا ایوارڈ مصر کے محمد صلاح کے نام رہا جو انہوں نے انگلش پریمیئرلیگ میں ایورٹن کیخلاف کیا تھا۔ 

سال کے بہترین مینز کوچ کا ایوارڈ فرانس کے ڈی چیمپس کے نام رہا، ڈی چیمپس کی کوچنگ میں فرانس نے اس سال روس میں ہونے والے فٹ بال ورلڈ کپ کا ٹائٹل بھی حاصل کیا جب کہ سال کے بہترین گول کیپر کا ایوارڈ بیلجیئم کے تھیبو کورٹیس نے جیتا۔

لینارٹ تھائی کو فیفا فیئر پلے ایوارڈ دیا گیا، انہیں یہ ایوارڈ اس لیے دیا گیا کہ انہوں نے اپنا میچ صرف اس وجہ سے چھوڑا کہ وہ لیکیومیا کے ایک مریض کے لیے خون دینے چلے گئے تھے۔

لینارٹ تھائی کا تعلق جرمنی سے ہے جب کہ وہ ترکی کے ایک کلب سے کھیلتے ہیں۔

دوسری جانب فیفا نے ورلڈ الیون کا اعلان کیا ہے جس میں مارسیلو، سرجیو ریموس، رافیل ورانے، ڈینی ایلوس، ڈیوڈ ڈی گے، کانتے، لوکا موڈرچ، کرسٹیانو رونالڈو، ایم باپے، لیونل میسی اور ایڈن ہیزارڈ شامل ہیں۔

مزید خبریں :