کھیل
Time 28 ستمبر ، 2018

'دوستی کی کوئی سرحد نہیں'، پاک بھارت کرکٹ مداحوں نے ثابت کردیا

بشیر چاچا (دائیں)  اور سدھیر کمار (بائیں) کی دوستی 2011 کے کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران ہوئی تھی—.فائل فوٹو/ اے ایف پی 

پاکستان اور بھارت کے دو کرکٹ مداحوں کی دوستی نے یہ ثابت کردیا کہ کرکٹ اور محبت کی کوئی سرحد نہیں ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق شکاگو میں مقیم پاکستانی محمد بشیر کرکٹ کے بڑے مداح ہیں اور وہ قومی ٹیم کو سپورٹ کرنے کے لیے ہر ٹورنامنٹ میں ضرور شرکت کرتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ لوگ انہیں بشیر چاچا کہہ کر پکارتے ہیں۔

اسی طرح سدھیر کمار نامی ایک بھارتی شہری بھی کرکٹ کے بڑے مداح ہیں اور اپنی کرکٹ ٹیم کو سپورٹ کرنے کے لیے ہر میچ میں شرکت کرتے ہیں جنہیں اسپانسر سابق بھارتی بلے باز سچن ٹنڈولکر کرتے ہیں۔

بشیر چاچا اور سدھیر کمار کی دوستی 2011 کے کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران ہوئی تھی، جس کے بعد یہ دونوں اپنی اپنی ٹیموں کو سپورٹ کرتے ہوئے اچھے دوست بن گئے۔

رواں ماہ ہونے والے ایشیا کپ کے دوران بشیر چاچا نے دبئی پہنچنے سے پہلے سدھیر کمار کو فون کیا جنہوں نے بوجھل دل سے بتایا کہ اس بار وہ ایشیا کپ میں شرکت نہیں کرسکیں گے کیونکہ سچن ٹنڈولکر لندن نہیں پہنچ سکے ہیں۔

ایسے میں بشیر چاچا نے بڑا پن دکھاتے ہوئے انہیں دبئی آنے کی پیشکش کردی اور ان کے اخراجات اٹھانے کے حوالے سے بھی بے فکر کردیا۔

اب دونوں ایشیا کپ ٹورنامنٹ کے دوران دبئی کے اُسی ہوٹل میں مقیم ہیں جہاں بھارتی کرکٹ ٹیم بھی موجود ہے اور  ایک ہی کمرے کو شیئر کر رہے ہیں۔

بشیر چاچا کا کہنا ہے کہ میں نے سدھیر کو بلاتے ہوئے کہا کہ ’پیسہ آتا جاتا رہے گا، یہ سچی محبت ہے، تم صرف آجاؤ باقی سب ہوجائے گا‘۔

بشیر چاچا کی بھارتی کرکٹ کھلاڑیوں کے ہمراہ تصاویر—۔فوٹو/ بشکریہ ٹوئٹر

بشیر چاچا کہتے ہیں کہ ’میں بہت امیر نہیں ہوں لیکن میرا دل سمندر جیسا ہے، اگر میں مدد کرتا ہوں تو اللہ میری مدد کرے گا‘۔

دوسری جانب سدھیر کمار کا کہنا ہے، ’میں اور بشیر ہمیشہ میچ کے دوران ایک دوسرے کی ٹانگ کھینچتے ہیں لیکن آخر میں کرکٹ دو قوموں کو آپس میں جوڑ دیتی ہے، مجھے دبئی بلا کر بشیر نے ثابت کردیا کہ دوستی کی کوئی سرحد نہیں ہوتی‘۔

بشیر چاچا اب بھی دبئی میں موجود ہیں۔ انہوں نے ہوٹل میں بھارتی کرکٹ کپتان روہت شرما اور بھارتی کیپر ایم ایس دھونی کے ساتھ بھی تصاویر بنوائیں جس پر بھارتی کرکٹرز نے انہیں قابل ستائش قرار دیا۔  

بشیر چاچا کو پاکستان کے فائنل میں نہ پہنچنے کا دکھ تو ہے لیکن وہ پُر امید ہیں کہ اگلی دفعہ پاکستان ضرور اچھا پرفارم کرے گا۔

مزید خبریں :