کھیل
Time 28 ستمبر ، 2018

کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی کے حوالے سے چیئرمین پی سی بی کا مؤقف سامنے آگیا

ٹیم کھیلتی ہے تو جیت اور ہار ہوتی ہے اور ابھی کسی قسم کی تبدیلیوں کا کوئی ارادہ نہیں ہے، چیئرمین پی سی بی  — فوٹو:فائل 

لاہور: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی نے  قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کپتان کی تبدیلی کا امکان مسترد کردیا۔

قومی کرکٹ ٹیم نے ایشیا کپ میں مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور اسے سپر فور مرحلے کے اہم میچ میں بنگلہ دیش سے بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

ٹیم کی مجموعی کارکردگی کے علاوہ کپتان سرفراز احمد کی انفرادی کارکردگی بھی مایوس کن رہی ہے جس کے باعث وہ تنقید کی زد میں ہیں۔

ایسے میں اب پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین احسان مانی نے سرفراز احمد پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اور کپتان کی تبدیلی کا امکان مسترد کردیا ہے۔

احسان مانی کا کہنا ہے کہ ٹیم کھیلتی ہے تو جیت اور ہار ہوتی ہے اور ابھی کسی قسم کی تبدیلیوں کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگلی سیریز میں اسی کپتان اور ٹیم کی پرفارمنس بہترین ہوگی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز کپتان سرفراز احمد نے ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں ٹیم کی ناقص کارکردگی کا اعتراف کیا تھا۔

 سرفراز کا کہنا تھا کہ 'بطور کپتان ہمیشہ دباؤ رہتا ہے اور جب ٹیم اچھا پرفارم نہ کرے تو یہ دباؤ مزید بڑھ جاتا ہے، میں غلط بیانی نہیں کروں گا لیکن ٹیم کی خراب کارکردگی نے میری نیندیں اڑا دی ہیں، میں 6 راتوں سے نہیں سویا، حالانکہ یہ سب زندگی کا حصہ ہے'۔

 واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز متحدہ عرب امارات میں منعقد ہوگی جس میں دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلی جائے گی۔

گزشتہ روز آسٹریلیا کے خلاف 17 رکنی قومی ٹیم کا اعلان کیا گیا جس کی قیادت سرفراز احمد ہی کریں گے۔

دیگر کھلاڑیوں میں فاسٹ بولر وہاب ریاض، میرحمزہ، اظہرعلی، فخرزمان، امام الحق، بابراعظم، اسد شفیق، عثمان صلاح الدین، حارث سہیل، یاسرشاہ، شاداب خان، بلال آصف، محمد عباس، حسن علی، فہیم اشرف اور وکٹ کیپر محمد رضوان کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

مزید خبریں :