دنیا
Time 11 اکتوبر ، 2018

مائیکل نامی طوفان نے امریکی ریاست فلوریڈا میں تباہی مچادی، 2 افراد ہلاک


واشنگٹن: خوف ناک سمندری طوفان ’مائیکل‘ نے امریکی ریاست فلوریڈا میں تباہی مچادی جس کے بعد وہ جارجیا کی جانب بڑھ رہا ہے جب کہ مختلف حادثات میں 2 افراد بھی ہلاک ہوئے۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق سمندری طوفان کے باعث کئی علاقے پانی میں ڈوب گئے، تیز ہواؤں کی وجہ سے کئی درخت اور بجلی کے کھمبے اکھڑ گئے اور سڑکیں بھی زیر آب آگئیں۔ 

250 کلومیٹر کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کے باعث کئی گھروں کی چھتیں اڑ گئیں، بجلی اور مواصلات کا نظام درہم برہم ہوگیا اور ایئرپورٹس پر شیڈول فلائٹ بھی منسوخ کردی گئیں۔

فلوریڈا کے حکام کا کہنا ہے کہ طوفان کے باعث متاثرہ 6 ہزار 700 افراد نے 54 شیلٹرز میں پناہ لی ہے جہاں انہیں بنیادی ضروریات کی اشیا فراہم کی جارہی ہیں۔

فوٹو: بشکریہ ایوننگ اسٹینڈرڈ

کاؤنٹی کمشنر ایلیویا اسمتھ کا کہنا ہے کہ فلوریڈا میں آنے والا طوفان ’مائیکل‘ کیٹیگری 4 کا قرار دیا گیا ہے جس کے باعث کاؤنٹی گیڈسڈین میں ایک شخص ہلاک ہوا۔

کاؤنٹی کمشنر کے مطابق طوفان سے متاثرہ علاقوں میں امدادی ٹیمیں بھیجنے میں احتیاط کی جارہی ہے۔ 

1992 میں آنے والے اینڈریو طوفان کے بعد مائیکل نامی طوفان کو خطرناک ترین قرار دیا جارہا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ طوفان جوں جوں جارجیا کی جانب بڑھ رہا ہے اس کی شدت میں کمی آرہی ہے اور سمندری ہوائیں 20 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔ 

مزید خبریں :