پاکستان
Time 11 اکتوبر ، 2018

سابق وزیر اعظم شوکت عزیز کے وارنٹ گرفتاری جاری

احتساب عدالت نے اختیارات کے ناجائز استعمال کے نیب ریفرنس میں نامزد سابق وزیراعظم شوکت عزیز کو گرفتار کرکے یکم نومبر کو عدالت کے سامنے پیش کرنے کا حکم دے دیا— فوٹو: فائل/ اے ایف پی

اسلام آباد: احتساب عدالت نےاختیارات کے ناجائز استعمال کے نیب ریفرنس میں سابق وزیر اعظم شوکت عزیز کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے، ملزم کو گرفتار کرکے یکم نومبر کو عدالت کے سامنے پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے اختیارات سے تجاوز کی وجہ سے قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کے نیب ریفرنس میں مسلسل عدم حاضری پر سابق وزیر اعظم شوکت عزیز کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

ریفرنس میں نامزد دیگر ملزمان سابق وزیر لیاقت جتوئی، اسماعیل کورائی، سابق سیکریٹری شاہد حامد اور نسیم اختر کی عدم حاضری پر ایک دن کیلئے حاضری سے عارضی استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی گئی۔

عدالت نے ریفرنس میں نامزد ایک اور ملزم عارف الدین کے بھی وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے سماعت یکم نومبر تک ملتوی کردی۔

خیال رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے رواں برس جولائی میں سابق وزیراعظم شوکت عزیز کیخلاف کرپشن کا ریفرنس دائر کیا تھا۔

شوکت عزیز اگست 2004 سے نومبر 2007 تک پاکستان کے وزیراعظم رہ چکے ہیں۔

مزید خبریں :