پاکستان
Time 11 اکتوبر ، 2018

عمران خان کو یقین ہی نہیں کہ وہ وزیراعظم ہیں: بلاول بھٹو

حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے معاشی سونامی آگیا ہے، بلاول بھٹو۔ فوٹو: اسکرین گریب

کراچی: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے مہنگائی کا طوفان برپا کرکے عوام کو پریشان کر دیا ہے۔

کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت آتے ہی معاشی سونامی لائی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ کس قسم کا نیا پاکستان ہے کہ روٹی 10 روپے اور نان 15 روپے کا ہے اور وزراء غیر ذمہ دارانہ بیان دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں نے قومی اسمبلی میں کہا تھا کہ یہ حکومت آئی ایم ایف کے پاس جا رہی ہے لیکن حکومتی وزراء آئی ایم ایف کے پاس جانے کی تردید کرتے تھے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ عمران خان کی حکومت نے عوام پر معاشی حملہ کیا ہے، ہر سیکٹر میں نقصان پہنچایا جا رہا ہے اور حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے معاشی سونامی آگیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سی پیک کے بارے میں غیر ذمہ درانہ بیان دیا گیا، حکومت چلانے کا یہ طریقہ کار نہیں ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ ایک دن کے اندر ایک کروڑ ڈالر کا نقصان پہنچایا گیا، خطرہ ہے کہ کہیں ملک کو بلیک لسٹ پر نہ ڈال دیا جائے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ خان صاب اپوزیشن موڈ سے باہر ہی نہیں جا رہے، عمران خان کو یقین ہی نہیں کہ وہ وزیراعظم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان ہمیں دھمکیاں دے رہے ہیں، ضمنی انتخابات سے قبل اپوزیشن لیڈر کی گرفتاری خطرناک ہے، اپوزیشن لیڈرکے ساتھ انصاف ہونا چاہیے۔

مزید خبریں :