پاکستان
Time 12 اکتوبر ، 2018

جیوکی فلم 'دی ڈونکی کنگ' کی نمائش پر پابندی کی درخواست ابتدائی سماعت پر ہی خارج


اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے جیو فلمز اور ٹیلیسمین اینیمیشن اسٹوڈیو کے اشتراک سے بننے والی فلم ’دی ڈونکی کنگ‘ کی نمائش رکوانے کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر ابتدائی سماعت میں ہی خارج کردی۔

واضح رہے کہ رفعت رحمان نامی ایک شہری نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں اینیمیٹڈ فلم ’دی ڈونکی کنگ‘ پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا تھا۔

درخواست میں پیمرا، وزارت اطلاعات، جیو اور فلم سنسر بورڈ کو فریق بنایا گیا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے آج مذکورہ درخواست پر سماعت کی۔

سماعت کے دوران درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ فلم میں راجا برادری کے نام کو خراب کیا گیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سب قوموں کو آئینی تحفظ حاصل ہونا چاہیے۔

سماعت کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ نے ’دی ڈونکی کنگ‘ کی نمائش رکوانے کی درخواست قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا، جو کچھ دیر بعد سنایا گیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں درخواست کو ناقابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کردیا۔

وضح رہے کہ اینیمیٹڈ فلم ’دی ڈونکی کنگ‘ آج رات 12 بجے سینما گھروں کی زینت بننے جارہی ہے۔

مزید خبریں :