پاکستان
Time 12 اکتوبر ، 2018

سپریم کورٹ: این آئی سی ایل کیس کی درخواست خارج، درخواستگزارپر جرمانہ

چیف جسٹس نے درخواست گزار کو 30 ہزار روپے جرمانہ ڈیم فنڈز میں جمع کرانے کا بھی حکم دیا — فوٹو:فائل 

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے نیشنل انشورنس کمپنی لمٹیڈ (این آئی سی ایل) کیس کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے درخواست گزار پر جرمانہ عائد کردیا۔

سپریم کورٹ میں  چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے این آئی سی ایل کیس کی سماعت کی۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ معاملہ ٹرائل کورٹ میں زیر التواء ہے لیکن پھر ایک اور درخواست سپریم کورٹ میں کیوں آگئی؟

جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ ہم نے کوئی تاثر نہیں دیا کہ ملزمان کے خلاف کارروائی کی جائے لیکن آپ کے مؤکل اور آپ کے ذہن میں بلا جواز یہ تاثر آگیا ہے، ہم درخواست گزار کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کرتے ہیں، اسے سپریم کورٹ میں ایسی درخواست دائر کرنے کی جرات کیسے ہوئی؟

چیف جسٹس نے وکیل سے کہا کہ آپ کے مؤکل نے سفارش کروا کر آپ کو ایسی درخواست دائر کرنے کا کہا، ہم اس ملک کو سفارش کے عذاب سے نجات دلائیں گے۔

عدالت نے درخواست گزار کو 30 ہزار روپے جرمانہ ڈیم فنڈز میں جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے درخواست خارج کردی۔

مزید خبریں :