پاکستان
Time 12 اکتوبر ، 2018

بین الاقوامی تجارت کے فروغ کیلئے امن کا قیام ضروری ہے، شاہ محمود قریشی

علاقائی اختلافات دہشت گردی بڑے چیلنجز ہیں جن پر بات ہونی چاہیے، شاہ محمود قریشی۔ فوٹو: فائل

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی تجارت کے فروغ کو یقینی بنانے کے لیے امن کا قیام بہت ضروری ہے۔

تاجکستان میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کے چارٹر پر بھرپور اعتماد رکھتا ہے اور ایس سی او کے چارٹر پر عمل درآمد کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے آپس تعلقات پر یقین رکھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جیسے ہم نئے پاکستان کا سفر شروع کر رہے ہیں، ہم رکن ملک کی حیثیت سے اپنے مشترکہ اہداف حاصل کرنے کے لئے پہلے سے بڑھ کر کردار ادا کریں گے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردی اور شدت پسندی کے خلاف جنگ میں اہم کردار ادا کیا ہے، حال ہی میں پاکستان نے دنیا کا سب سے بڑا اور مؤثر انسداد دہشتگردی آپریشن کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ علاقائی اختلافات دہشت گردی بڑے چیلنجز ہیں جن پر بات ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے تجربے سے استفادہ حاصل کر سکتا ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنی بندرگاہوں اور شاہراہوں کے ذریعے وسطی ایشیا کو مختصر ترین راستے کی صورت میں سمندر تک رسائی دینے کے لئے پُرعزم ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ میں پہلے کی طرح پھر تجارت، نقل و حمل اور توانائی تعاون کے سلسلے میں شہنگائی تعاون تنظیم پاکستان کاریڈور کے قیام کی اہمیت پر زور دوں گا۔

مزید خبریں :