پاکستان
Time 12 اکتوبر ، 2018

ایف آئی اے نے یواے ای میں جائیدادیں رکھنے والے25 سیاستدانوں کا سراغ لگا لیا

سیاسی شخصیات کی جائیداد قانونی یا غیرقانونی ہونے کا تعین نہیں کیا جا سکا، ایف آئی اے۔ فوٹو: فائل

وفاقی تحقیقاتی ادارے نے متحدہ عرب امارات میں جائیدادیں رکھنے والے 25 سیاستدانوں کا سراغ لگا لیا ہے۔

ایف آئی اے نے بیرون ملک اثاثہ جات کیس سے متعلق رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یو اے ای میں جائیدادیں رکھنے والے 25 سیاستدانوں کا سراغ لگا لیا ہے تاہم سیاسی شخصیات کی جائیداد قانونی یا غیرقانونی ہونے کا تعین نہیں کیا جا سکا۔

ایف آئی اے کی تحقیقات میں ایمنسٹی اسکیم آڑے آگئی، ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ اٹھانے والوں کی معلومات خفیہ ہونے کے باعث ایف آئی اے کو مشکلات درپیش ہیں۔

سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں لکھا گیا ہے کہ قانون کے مطابق ایف بی آر ایمنسٹی اسکیم کی معلومات خفیہ رکھنے کا پابند ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نیب کے 21 ملزمان بھی ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ اٹھانے والوں میں شامل ہیں اور دو مفرور ملزمان بھی متحدہ عرب امارات میں جائیدادوں کے مالک ہیں۔

ایف آئی اے کی رپورٹ کے مطابق 895 میں سے 642 افراد نے بیان حلفی جمع کرا دیے ہیں جب کہ 72 جائیدادوں سے متعلق پاکستانیوں نے ملکیت ہونے سے انکار کر دیا ہے۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے دبئی میں جائیدادیں رکھنے والے پاکستانیوں کی تحقیقات کا حکم دیا تھا کہ اربوں ڈالر کا سرمایہ پاکستان سے کیسے اور کیوں منتقل ہوا؟

متحدہ عرب امارات میں پاکستانیوں کی جائیدادوں کا کھوج لگانے کے لیے سپریم کورٹ نے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی تھی جس نے دبئی میں جائیدادیں رکھنے والے 895 پاکستانیوں کو نوٹسز جاری کیے تھے۔

مزید خبریں :