پاکستان
Time 15 اکتوبر ، 2018

سمندر پار پاکستانیوں کے ووٹ 6 حلقوں میں فیصلہ کن کردار ادا کرسکتے ہیں

قومی اسمبلی کی ایک، خیبرپختونخوا اسمبلی کی 3 اور پنجاب اسمبلی کی دو نشستوں پر جیت کا مارجن بہت کم ہے۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ سمندر پار پاکستانیوں کے کاسٹ کیے گئے ووٹوں کی اہمیت بڑھ گئی اور 6 حلقوں میں ووٹ فیصلہ کن کردار ادا کر سکتے ہیں۔

قومی اسمبلی کی ایک، خیبرپختونخوا اسمبلی کی 3 اور پنجاب اسمبلی کی دو نشستوں پر جیت کا مارجن بہت کم ہے جس میں اگر اوورسیز ووٹرز کے ووٹ شامل کرلیے جائیں تو نتائج تبدیل ہوسکتے ہیں۔

ڈائریکٹر جنرل آئی ٹی خضر عزیز کے مطابق ضمنی انتخابات کے لیے 7 ہزار 364 اوورسیز ووٹرز نے خود کو رجسٹرڈ کرایا جس میں سے 6233 نے ووٹ کاسٹ کیے۔

ڈی جی آئی ٹی کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن اور نادرا حکام سے میٹنگ میں فیصلہ ہوگا کہ اوورسیز کے ووٹ حتمی نتائج میں شامل ہوں گے یا نہیں، کمیشن پہلے تسلی کرےگا کہ ووٹنگ کا عمل کیسا رہا ہے۔

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 60 راولپنڈی میں جیت کا مارجن صرف 647 ووٹوں کا ہے، جہاں تحریک انصاف کے امیدوار اور شیخ رشید کے بھتیجے شیخ راشد شفیق 44 ہزار 483 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جب کہ ان کے مدمقابل مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ملک سجاد خان 43 ہزار 836 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

خیبرپختونخوا اسمبلی کی نشست پی کے 7 سوات میں جیت کا مارجن 671 ہے، جہاں غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق  اے این پی کے وقار احمد خان 14096 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ تحریک انصاف کے فضل مولا 13425 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ 

خیبرپختونخوا اسمبلی کی نشست پی کے 3 سوات میں جیت کا مارجن 913 ہے جہاں مسلم لیگ (ن) کے سردار خان 16824 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جب کہ تحریک انصاف کے ساجد علی 15911 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

خیبرپختونخوا اسمبلی کی ہی نشست پی کے 53 مردان میں جیت کا مارجن صرف 61 ووٹوں کا ہے جہاں تحریک انصاف کے محمد عبدالسلام 19192 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ عوامی نیشنل پارٹی کے احمد خان 19131 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 27 جہلم میں جیت کا مارجن 656 ووٹوں کا ہے جہاں مسلم لیگ (ن) کے ناصر محمود کامیاب ہوئے جبکہ تحریک انصاف کے شاہنواز راجا دوسرے نمبر پر رہے۔

اسی طرح پی پی 3 اٹک میں بھی جیت کا مارجن 227 ووٹوں کا ہے اور اس حلقے میں (ن) لیگ کے افتخار احمد خان نے 43259 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ تحریک انصاف کے محمد اکبر خان 43032 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

مزید خبریں :