پاکستان
Time 16 اکتوبر ، 2018

مقامی طور پر تیار کردہ نئے فلیٹ ٹینکر کی پاک بحریہ کے بیڑے میں شمولیت

جدید ترین ٹیکنالوجی کے حامل جہاز کی نیول فلیٹ میں شمولیت باعث فخر ہے، صدر مملکت — فوٹو: پی آئی ڈی 

کراچی: نئے فلیٹ ٹینکر کی پاک بحریہ کے بیڑے میں شمولیت کی خصوصی تقریب کراچی میں ہوئی جس میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی و دیگر شخصیات نے شرکت کی۔

یہ فلیٹ ٹینکر ترکی کے تعاون سے کراچی شپ یارڈ میں تیار کیا گیا ہے اور یہ جہاز بیک وقت دو ہیلی کاپٹرز ڈیک پر رکھنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ جدید ترین ٹیکنالوجی کے حامل جہاز کی نیول فلیٹ میں شمولیت باعث فخر ہے۔

صدر مملکت نے پاک بحریہ کی صلاحیت بڑھانے اور سمندری امور کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے تمام ضروری وسائل فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

صدر نے کہا کہ سی پیک اور گوادر کی بندرگاہ کے مکمل طور پر فعال ہونے سے تجارتی سرگرمیوں میں کئی گنا اضافہ ہوگا، اس طرح کی پیشرفت نہ صرف گوادر کے مضبوط دفاع کا تقاضہ کرتی ہے بلکہ یہ پوری ساحلی پٹی کے لیے ناگزیر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو ایک مضبوط پاک بحریہ کی ضرورت کا احساس ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا کہ ملک میں تیار کئے گئے بحری جہاز کی پاک بحریہ کے دستے میں شمولیت فخر کی علامت اور ایک شاندار کامیابی ہے، جو ہماری صنعتی ترقی کا مظہر ہے۔

مزید خبریں :