امریکی جوڑے نے 'مائیکل طوفان' کے دوران ایئرپورٹ پر ہی شادی رچالی

طوفان کے باعث کورٹ ہاؤس بند ہونے کی وجہ سے جم اور بیئری نے ایئرپورٹ پر ہی شادی کی—.فوٹو بشکریہ ڈبلیو جے ایکس ٹی/سی این این

آندھی اور طوفان جیسی قدرتی آفات میں جہاں لوگ اپنی جان اور مال بچانے میں مصروف ہوتے ہیں، وہیں ایک امریکی جوڑا ایسا بھی تھا، جسے بس اپنی شادی کی فکر لاحق تھی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا کے رہائشی جم اور لوری بیئری نامی جوڑے کی شادی کی تاریخ پہلے ہی سے طے تھی تاہم گزشتہ ہفتے آنے والے طوفان مائیکل کی وجہ سے تمام کورٹ ہاؤس بند ہوگئے۔

جم اور بیئری نے شادی سے پہلے ہنی مون کی تیاری بھی مکمل کرلی تھی جس کی وجہ سے دونوں پریشان تھے کہ اگر شادی نہ ہوئی تو وہ ہنی مون پر کیسے جائیں گے۔

اس پریشانی میں جوڑے نے کورٹ ہاؤس میں شادی کروانے والی خاتون افسر سے رابطہ کرکے اسے ایئر پورٹ آنے کی درخواست کی جو انہوں نے قبول کرلی۔

اور یوں مقررہ وقت پر جیکسن ولی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دونوں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے اور وہیں سے فلائٹ پکڑ کر 10 روزہ ہنی مون پر اٹلی کے لیے روانہ ہوگئے۔

واضح رہے کہ طوفان مائیکل کے نتیجے میں امریکا کی ریاست فلوریڈا کے شمالی علاقوں میں شدید تباہی آئی جبکہ اس کے نتیجے میں 25 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

مزید خبریں :