امریکی قونصلیٹ کی جانب سے فخر عالم کے مشن پرواز کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار

 
لاہور روانہ ہونے سے قبل فخر عالم کی اسلام آباد امریکی قونصلیٹ کی ڈپیوٹی پبلک افیئر آفیسر الیزبتھ لی سے ملاقات—.سوشل میڈیا فوٹو

دنیا کا سفر کرنے کے لیے 'مشن پرواز' کا آغاز کرنے والے پاکستانی اداکار و گلوکار فخرعالم کے لیے امریکی قونصلیٹ کی جانب سے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا ہے۔

10 اکتوبر کو امریکی شہر واٹرز سے سفر کا آغاز کرنے والے  فخر عالم 16 اکتوبر کو کراچی پہنچے تھے، جس کے بعد وہ اسلام آباد روانہ ہوئے۔

اسلام آباد سے لاہور روانہ ہونے سے قبل انہوں نے امریکی قونصل خانے کی نائب پبلک افیئر آفیسر الزبتھ لی سے ملاقات کی۔

اس دوران الزبتھ لی نے فخر عالم اور ان کی ٹیم کے 'مشن پرواز' کو مکمل کرنے کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور ساتھ ہی انہیں دنیا کا چکر لگانے کے لیے پرواز کرنے والے سب سے پہلے پاکستانی بننے پر بھی سراہا۔

فخر عالم نے الزبتھ لی کے ساتھ ایک ویڈیو بھی بنائی جس میں انہوں نے اپنی اسلام آباد سے روانگی کے حوالے سے آگاہ کیا۔










یاد رہے کہ فخر عالم نے 10 اکتوبر کی صبح 7 بجے امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر واٹرز سے مشن پرواز کا آغاز کیا تھا۔

اس مشن کے تحت وہ دنیا کے مختلف ممالک کے 32 اسٹاپس پر جائیں گے جس کا دورانیہ 28 دن پر محیط ہے۔

اگر فخر عالم مشن پرواز میں کامیاب ہوجاتے ہیں تو وہ ہوائی جہاز میں دنیا کا چکر لگانے والے سب سے پہلے پاکستانی بن جائیں گے۔

مزید خبریں :