کھیل
Time 19 اکتوبر ، 2018

ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی آسٹریلیا کے خلاف اچھی کارکردگی دکھانا ہوگی: سرفراز

کوشش کی کہ نئے لڑکوں کو موقع دیا جائے اور جتنے لڑکے ٹیم میں شامل ہوئے سب نے اچھا پرفارم کیا، کپتان قومی ٹیم۔ فوٹو: جیو نیوز اسکرین گریب

ابوظہبی: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کو ٹیسٹ کے بعد ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی آسٹریلیا کے خلاف اچھی کارکردگی دکھانا ہوگی۔

کینگروز کے خلاف سیریز جیتنے کے بعد رمیز راجا کو انٹرویو دیتے ہوئے سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ نوجوان کھلاڑیوں نے آسٹریلیا کے خلاف زبردست پرفارمنس دی اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی اسی تسلسل کو برقرار رکھنا ہوگا۔

پیسر محمد عباس کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ عباس نے آسٹریلیا کے خلاف بہت عمدہ بولنگ کی اور پہلے سے طے شدہ حکمت عملی کے مطابق بولنگ کرائی جس نے جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

سرفراز احمد نے کہا کہ محمد عباس کے ساتھ ہمیں ایک اور بولر تیار کرنا ہے اور میر حمزہ بھی اچھا بولر بن سکتا ہے۔

ڈیبیو کرنے والے اوپنر فخر زمان کے حوالے سے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ فخر نے اپنے ٹیسٹ کیرئیر کے پہلے میچ میں اچھی کارکردگی پیش کی اور دونوں اننگز میں ان کی نصف سنچریوں نے مخالف ٹیم پر اثر ڈالا۔

سرفراز احمد نے اپنی کارکردگی سے متعلق کہا کہ کوشش کی کہ نئے لڑکوں کو موقع دیا جائے اور جتنے لڑکے ٹیم میں شامل ہوئے سب نے اچھا پرفارم کیا اور خود بھی اچھی کارکردگی پیش کر کے اطمینان محسوس کر رہا ہوں۔

 آسٹریلیا کے خلاف دو پاکستانی کھلاڑیوں نے ٹیسٹ ڈیبیو کیا جس میں فخر زمان اور بلال آصف شامل ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان نے آسٹریلیا کو 2 میچز پر مشتمل سیریز میں 0-1 سے شکست دی اور دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا پہلا میچ 24 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔

مزید خبریں :